ایوب ٹیچنگ ہسپتال، گائنی آئی سی یو تکمیل کے آخری مراحل میں
پشاور(سٹاف رپورٹر)ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ گائنی میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس آئی سی یو کی تعمیر تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور جلد اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔اس جدید ترین آئی سی یو میں نصب وینٹیلیٹرز اور مانیٹرز پورے ہزارہ ریجن میں صرف ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں دستیاب ہوں گے جو مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ گائنی آئی سی یو کا قیام ایک ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کیا گیاجو کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ کی انتھک محنت کا ثبوت ہے۔چیرمین بورڈ آف گورنرز پروفیسر عابد جمیل اور سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک کی خصوصی دلچسپی اور بھرپور کوششوں کے باعث اس منصوبے کی تکمیل ممکن ہوئی۔اس سے قبل گائنی وارڈ میں شدید بیمار مریضہ کو میڈیکل آئی سی یو میں منتقل کرنا پڑتا تھا، جو نہ صرف مریضہ بلکہ اس کے لواحقین کے لیے بھی ایک مشکل مرحلہ ہوتا تھا۔ تاہم اب چار بیڈز پر مشتمل اس جدید آئی سی یو کے قیام کے بعد، مریضہ کو آپریشن تھیٹر (OT) سے فوری طور پر آئی سی یو میں منتقل کیا جا سکے گا، جس سے علاج کے عمل میں مزید بہتری آئے گی۔ موجودہ بورڈ آف گورنرز کا مشن ہزارہ کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے اور گائنی آئی سی یو کی یہ اہم پیش رفت اسی عزم کی عملی مثال ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ یہ جدید سہولت جلد از جلد عوام کے لیے فعال کر دی جائے گی تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔