ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کےتحت جدہ میں"میڈان پاکستان" نمائش 5 سے جمعہ7 فروری  تک منعقد ہو گی: سعدیہ خان

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کےتحت جدہ میں"میڈان پاکستان" نمائش 5 سے ...
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کےتحت جدہ میں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان وزارت تجارت کےتحت جدہ میں سنگل کنٹری "میڈان پاکستان" نمائش بدھ 5 تا جمعہ 7 فروری 2025 جدہ انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹرمیں منعقد ہو رہی ہے جس میں پاکستان کے 100 سے زائد معروف ایکسپورٹرز/مینوفیکچررز پریمیم مصنوعات کی نمائش کریں گے۔ یہ بات پاکستان قونصلیت جدہ میں اولین خاتون ٹریڈ اینڈ انویسمنٹ قونصلر سعدیہ خان نے ایک انٹرویو میں بتائی۔ انھوں نے پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تجارت کے فروغ، پاکستانی مصنوعات کو سعودی صارفین سے متعارف کرانا اوراپنےاحداف  کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پرٹریڈ ڈویلپمنٹ آفیسر فہد چودھری بھی موجود تھے۔

سعدیہ خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی تعلقات بہت اچھے ہیں۔ میری یہ کوشش ہے کہ جو پروڈکٹس سعودی مارکیٹ میں متعارف نہیں ہیں ان کو لیکر آئیں۔ اس میں جو چیز سرِ فہرست ہے، اس میں اسپورٹس ویئرز وغیرہ شامل ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان بزنس فورم تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک چھت تلے لائے گا۔ جوایک بہت اچھا پلیٹ فارم ہوگا- اس میں عوام کی بڑی تعداد اور پاکستانی مصنوعات کے مالکان شرکت کریں گے۔ ہمارے سعودی بھائیوں کے لئے بھی یہ بہت اچھا موقع ہے کہ ان کو معلوم ہوسکے گا کہ اس وقت پاکستان کیا کیا مصنوعات تیار کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں ہماری ایکسپورٹس کا زیادہ ترحصہ دو جیزوں پرمشتمل ہے۔ ایک ٹیکسٹائل جس میں ہوم ٹیکسٹائل زیادہ ہیں اوردوسرے فوڈ آئٹم ہیں۔ اس محدود مارکیٹ میں میری بڑی خواہش ہے کہ جب میں یہاں سے جاؤں تو زیادہ نہیں، کم ازکم ایک دو پروڈکٹس یا سیکٹرجس کی سعودی مارکیٹ میں اب تک اینٹری نہیں ہو سکی ہے اس کے لئے کچھ نہ کچھ کرکے جاؤں۔ اس کے لئے ہماری بھرپورکوششیں جاری ہیں۔ ایک چیز اور جس پر کام کرنا چاہیے وہ پروڈکٹس کی مارکیٹنگ ہے۔ جیسے کہ پاکستان کے تیارکردہ فٹبال دنیا بھرمیں مشہور ہیں۔ اس کی یہاں بڑی مارکیٹ ہے۔ میری خواہش کہ ہم اسپورٹس کی اشیاء اور اسپورٹس ویئرز کی ایکسپورٹ بڑھا سکیں، اس کے خریدار تلاش کرسکیں  تو یہ پاکستان کے لئے بڑا فائدہ مند ہوگا۔

 انھوں نے بتایا ہماری ایکسپورٹ میں گذشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال اچھا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ انھوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ملک کے بہترین سفیر ہیں۔ وہ برانڈ ایمبیسڈر بن کر پاکستان کو اچھی طرح متعارف کرائیں ۔ پاکستانی پروڈکٹس کی اچھی طرح سے مارکیٹنگ کریں۔ پاکستانی ڈاکٹرز، انجینئر، ہنرمند ، کاریگروں نے ملک کا بہت اچھا نام بنایا ہے اس کو مزید بہتر بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی تہذیب، اخلاق، روایات اور قوانین کا بھی خوب احترام کریں۔