بھارتی ٹیم کے بعد امپائر نے بھی چیمپینز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار کردیا

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے بعد آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل واحد بھارتی امپائر نتن مینن نے بھی پاکستان آنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اس ماہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں امپائرنگ سے معذرت کر لی ہے۔ آئی سی سی نے بدھ کے روز 15 میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کیا، جن میں تین میچ ریفری اور 12 امپائرز شامل ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے کراچی میں شروع ہوگی جبکہ فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ ایونٹ پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ تاہم بھارت کی ٹیم اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی۔ بھارت کا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔ بی سی سی آئی کے ذرائع نے بھارتی خبر ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا "آئی سی سی نے مینن کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے نامزد کرنا چاہا لیکن انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر پاکستان جانے سے معذرت کر لی۔" چونکہ آئی سی سی نیوٹرل امپائرز مقرر کرنے کی پالیسی پر عمل کرتا ہے، اس لیے مینن دبئی میں ہونے والے میچز میں بھی امپائرنگ نہیں کر سکتے ۔
آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے تین تجربہ کار میچ ریفری نامزد کیے ہیں، جن میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون، سری لنکا کے رانجن مدوگالے اور زمبابوے کے اینڈریو پائی کرافٹ شامل ہیں۔ بون نے 2017 چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ریفری کی خدمات انجام دی تھیں جبکہ مدوگالے 2013 کے فائنل میں آفیشل تھے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں 12 امپائرز شامل ہوں گے، جن میں سے چھ امپائر 2017 کے ایڈیشن میں بھی شامل تھے۔ امپائرز میں ریچرڈ کیٹل بورو ، کمار دھرماسینا کرس گافنی، مائیکل گو، ایڈرین ہولڈ اسٹاک، ریچرڈ النگ ورتھ، پال ریفل، روڈ ٹکر، احسان رضا، شرف الدولا ابن شاہد، ایلکس وارف اور جوئل ولسن شامل ہیں۔
آئی سی سی کے سینیئر مینیجر (امپائرز اور ریفری) شان ایزی نے کہا کہ ان تجربہ کار آفیشلز کی موجودگی سے میچز کا معیار بلند ہوگا۔ "ہم ہمیشہ انٹرنیشنل ایونٹس میں بہترین آفیشلز کو نامزد کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ یہ پینل پاکستان اور یو اے ای میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ ہم ان سب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔"