پاکستان سمیت دنیا بھر میں آ ج یوم یکجہتی کشمیر بھر پو ر انداز میں منایا جائیگا 

  پاکستان سمیت دنیا بھر میں آ ج یوم یکجہتی کشمیر بھر پو ر انداز میں منایا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                             اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج5فروری کو کشمیر پر بھارتی تسلط کیخلاف یومِ یکجہتی کشمیربھرپور انداز میں منایاجارہا ہے اس موقع پرمختلف شہروں میں یکجہتی ریلیاں، سیمینارز اور تقاریب منعقد ہوں گی، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی اور انسانی ہاتھوں  کی زنجیریں بنائی جائیں گی،مساجد میں خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے،بینک اور بیشتر کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ آج  صبح 10 بجے پورے ملک میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ اس خاموشی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے نتیجے میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔ اس موقع پر مساجد میں خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی جبکہ مختلف شہروں میں یکجہتی ریلیاں، سیمینارز اور تقاریب منعقد ہوں گی۔یومِ یکجہتی کشمیر ہر سال پاکستان میں قومی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس دن عوام، سیاسی و مذہبی جماعتیں، سول سوسائٹی اور طلبہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا بھرپور اظہار کرتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ یومِ کشمیر کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوں گی۔ سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا اور میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے جن میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا۔وفاقی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر امن و نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی یکجہتی کا اظہار کریں اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دنیا تک پہنچائیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ رپورٹ  کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک سال قبل بھی یوم یکجہتی کشمیر پر مظفرآباد میں کشمیر پر اپنا عزم مصمم دہرایا تھا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیا تھا کہ پاکستان اس کی عددی برتری کے دبا میں نہیں آئے گا۔

کشمیر ڈے

مزید :

صفحہ اول -