پاک بھارت ”آخر ی معرکہ “پو لیو مہم سے منسوب،دھو نی کی کمر” لچک “گئی،شرکت مشکوک
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان کل کھیلا جانے والا تیسرا ون ڈے میچ پولیو کے خلاف مہم سے منسوب کردیا گیاہے جس کا ٹائٹل ”بال آﺅٹ پولیو“ ہوگا۔ ادھر بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی میچ میں شرکت مشکوک ہے۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ صبح ساڑھے 11 بجے شروع ہوگا۔ آخری ون ڈے کی تیاریوں کیلئے قومی ٹیم نے فیروز شاہ کوٹلہ میں پریکٹس کی۔ کپتان مصباح الحق پر امید ہیں کہ وہ بھارت کے خلاف کلین سوئپ کرلیں گے۔ دوسری جانب بھارتی ٹی وی کے مطابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں اور کل کے میچ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔ دھونی کے متبادل کے طور پر دنیش کارتک کھیلیں گے۔ مہندرا سنگھ دھونی کا کہنا ہے کہ میری کمر میں تکلیف ہے اور پاکستان کے خلاف آخری ون ڈے میں شرکت کا فیصلہ کل صبح فٹنس دیکھ کر کیا جائے گا۔ واضح رہے گرین شرٹس ون ڈے سیریز کے ابتدائی 2 میچز جیت کر پہلے ہی فیصلہ کن برتری حاصل کر چکی ہے جبکہ 7 سال بعد بھارتی سرزمین پر سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔ ادھر اقوام متحدہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق کل کھیلے جانے والے پاک بھارت میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑی انسداد پولیو کے بیجز لگائیں گے۔ اعلامیے کے مطابق نئی دہلی میں ایک تقریب میں پاکستانی کھلاڑیوں یونس خان اور عمران فرحت نے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے۔