ویمن کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس دکھائیگی،محتشم الرشید
لاہور( سپورٹس رپورٹر)قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محتشم الرشید نے کہا ہے کہ قومی ویمن ٹیم بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی انہوں نے کہاکہ ویمن ٹیم کا پہلا ٹارگٹ ورلڈ کپ میں کم ازکم پہلی چار ٹیموں میں جگہ بنانا ہے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے پول میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، بھارت اور بنگلہ دیش شامل ہیں لیکن پاکستان کی ٹیم ان تمام ٹیموں کو ماضی میں شکست سے دو چار کرچکی ہے جس کی وجہ سے قومی ویمن ٹیم کا مورال بلند ہے اور مذکورہ تمام ٹیموں کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے مثبت نتائج حاصل کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی کنڈیشنز میں قومی ٹیم کو کسی قسم کی دقت نہیں ہوگی۔ بھارت کے خلاف میچ کا دباؤ دونوں ٹیموں پر ہوگا لیکن ہماری ٹیم کو میچ کے دباؤ کا سامنا کرنے میں کسی قسم کے مسئلہ کا سامنا نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ویمن ٹیم کی تیاریوں کیلئے کنٹری کلب مریدکے میں جاری ویمن کرکٹرز کے ہائی پرفارمنس ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کی بیٹنگ اور بولنگ میں کافی بہتری آئی ہے۔ کیمپ 18دسمبر کو شروع ہوا اور 14جنوری تک جاری رہے گا۔
کیمپ میں بیٹنگ اور باؤلنگ کے علاوہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ میچ پریکٹس کرائی جارہی ہے۔ بیٹنگ کنسلٹنٹ منظور الہی اور بولنگ کوچ وسیم حیدر سے کھلاڑیوں کو بیٹنگ اور باؤلنگ میں بہتری لانے میں کافی مدد مل رہی ہے اور امید ہے تمام کھلاڑی میگا ایونٹ میں اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کریں گی۔