مزنگ میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ ،اہل علاقہ بازاری کھانے اور لکڑی استعمال کرنے پر مجبور

مزنگ میں بھی گیس کی لوڈ شیڈنگ ،اہل علاقہ بازاری کھانے اور لکڑی استعمال کرنے ...

لاہور( لیاقت کھرل) شہر کی قدیم آبادی مزنگ کے مکین گیس کی لوڈشیڈنگ پر پھٹ پڑے، تاہم محلہ آویاں، مبارک پورہ، تاج پورہ اور احمد پورہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندوں نے گیس کا پریشر بہتر بنانے کے لئے نئی لائن ڈلوائی ہے جس سے گیس کے پریشر میں بہتری آئی ہے۔ سروئے کے موقع پر اسلم خان، حسین علی ، حسن دین، فاروق احمد اور بلال اسلم نے کہا کہ ایم پی اے اور ایم این اے سے ملاقات ایک مسئلہ ہے اور ملاقات کر کے شکایات سنائی گئیں تو تسلیاں دے کر ٹال دیا گیا ہے اور اب تھک ہار کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں۔ ناشتے بازار سے منگوا کر بچوں کو سکول بھجواتے ہیں جبکہ دن بھر ایل پی جی کا استعمال کر کے گزارا کر رہے ہیں۔ احاطہ دین محمد کے اسلم ناز، برکت علی، صغران بی بی، شیخ نصیب احمد نے بتایا کہ سردی شروع ہوتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ شروع ہو گئی ہے۔ دن بھرگیس کا پریشر ڈاؤن رہنے سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے رہتے ہیں ایم پی اے اور ایم این اے کے دفاتر اور ان کے کوآرڈی نیٹر کو بھی شکایات کر چکے ہیں۔ ہر کوئی تسلی دیتا ہے لیکن گیس کا پریشر بڑھانے کے حوالے سے کوئی کچھ نہیں کرتا ۔ کوٹ عبداللہ شاہ کے مکینوں حسن ولی خان، شعیب احمد، احمد علی، محمود خان، ظہیر احمد نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مہنگے داموں ایل پی جی خرید کر گزارا کر رہے ہیں۔ ایک طرف گیس کے بھاری بل ادا کیے ہیں تو دوسری جانب 120 روپے فی کلو کے حساب سے ایل پی جی خرید کر کھانے پکا رہے ہیں اور ایل پی جی کے لئے بھی دن بھر تین سے چار مرتبہ دکانوں پر چکر لگانے پڑتے ہیں۔ کوچہ غلام محمد کے عبداللہ احمد، نصیر خان، محسن عباس اور احمد علی نے کہا کہ گیس کمپنی کے دفتر گلبرگ میں بھی چکر لگا چکے ہیں، گیس کمپنی کے شکایت سیل 1199 پر بھی شکایات درج کروا چکے ہیں اس کے باوجود کوئی سننے والا نہیں۔محلہ مبارک پورہ کی حمیدہ بیگم، زاہدہ بی بی، کنیز بیگم، افشاں بی بی، خورشید احسن، فاطمہ بخاری کا کہنا تھا کہ دن میں کبھی کبھی گیس کا تھوڑا سا پریشر آ جاتا ہے لیکن اس پر کھانے تیار نہیں کر سکتے ہیں، جس پر مجبوراً بازاری کھانے استعمال کر رہے ہیں۔ اس سے بچوں کے پیٹ خراب ہو گئے ہیں، تنزیلہ بتول، زینب بیگم، شگفتہ شکیل، ماریہ ایاز اور زبیدہ بی بی کا کہنا تھا کہ حکومت سردیوں میں گیس کے بلوں کو معاف کر دے تاکہ گھروں کے بجٹ پر دوہرا بوجھ نہ پڑے۔ ایک طرف گیس کے بل ادا کر رہے ہیں اور دوسری جانب مہنگے داموں ایل پی جی خرید رہے ہیں۔ محلہ آویاں، مبارک پورہ ، احمد پورہ ، تاج پورہ کے مکینوں ملک خالد، طاہر رفیق، جنرل کونسلر محمد اعظم، رضیہ بیگم اور زاہدہ بی بی نے کہاکہ گیس کی صورتحال گزشتہ سال سے بہتر ہے۔ علاقہ کے چیئرمین شہباز حیدر نے گیس کی نئی سپلائی لائن ڈلوائی ہے جس سے گیس کا پریشر بہتر ہو گیا ہے۔ لوڈشیڈنگ نہیں ہے، تاہم رات 10 بجے تک گیس کاپریشر ذرا کم رہتا ہے۔ ملک خالد نے کہا کہ نئی پائپ لائن سے محلہ آویاں اور اردگرد آبادیوں میں شکایت ختم ہو کر رہ گئی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1