حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا

حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا

لاہور(لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ( ن )کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صحت اور تعلیم کے شعبوں پر بہت توجہ دی ہے ۔دانش سکول سسٹم نے غریب ترین گھرانوں کے بچوں پر معیاری تعلیم کے دروازے کھول دےئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ حکومت پنجاب کا فروغ تعلیم کے حوالے سے ایک اور انقلابی اقدام ہے ۔جس کے ذریعے وسائل کی کمی کے شکار گھرانوں کے ایک لاکھ ہونہار طلباء و طالبات کوتعلیمی وظائف فراہم کیے گئے ہیں اور وہ اعلی تعلیمی اداروں میں پڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تعلیمی فنڈ کی یہ بھی ایک نمایاں خوبی ہے کہ اس فنڈ سے نہ صرف پنجاب بلکہ آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور پاکستان کے دیگر صوبوں کے ذہین اور مستحق طلباء و طالبات بھی مستفید ہورہے ہیں ۔ جس سے قومی وحدت کو فروغ ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فروغ تعلیم کے لیے ٹھوس اقدامات کرکے تعلیمی شعبہ میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی ٹرسٹ کی کم وسیلہ خاندانوں کے بچوں کو تعلیمی مواقع کی فراہمی اچھی کاوش ہے۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب بنائی جائے گی ۔ صوبے میں عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایک جامع پروگرام مرتب کیا گیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1