شہید بھٹو نے مظلوم عوام میں سیاسی بیداری پیدا کی ،غنویٰ بھٹو

شہید بھٹو نے مظلوم عوام میں سیاسی بیداری پیدا کی ،غنویٰ بھٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو )کی چیئرپرسن محترمہ غنویٰ بھٹو نے استحصالی نظام سے نجات حاصل کرنے کی امنگ رکھنے والے تیسری دنیا کے مظلوم عوام کے انقلابی رہبراور ملک کے پہلے منتخب وزیر اعظم قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹوکے 88 ویں یوم ولادت کے موقع پر کارکنان پاکستان پیپلز پارٹی اور قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج وہ خوشی کا دن ہے جس دن 88 سال قبل دنیائے عالم خصوصا پاکستان کے مظلوم عوام کے مسیحا کی ولادت ہوئی جو بعد میں استحصالی نظام کے خاتمہ ، سامراجی قوتوں کے خلاف مزاحمتی جنگ اور پاکستان میں موجود وڈیرا شاہی ، نوکر شاہی اور استحصالی نظام کے پروردہ قوتوں خلاف جدوجہد کی علامت ثابت ہوئے. سترکلفٹن سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں محترمہ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو انقلاب نو کی وہ باز گشت تھے جنہوں نے پاکستان کے مظلوم عوام میں سیاسی بیداری پید اکی اور اپنے دور حکومت میں مختلف اصلاحات کے ذریعے ملک کے مزدوروں ، کسانوں اور تمام محنت کش طبقات کی زندگی میں نمایاں خوشحالی پیدا کی.محترمہ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے مسلم امہ کو متحد و منظم کرنے کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کیا نیز مادر وطن کو سامراجی قوتوں جن کی سربراہی امریکہ کررہا تھا کی ڈکٹیشن اور تسلط سے آزاد کروایا اور اسی جرم کی سزا میں امریکہ کے گماشتے جنرل ضیاء نے انہیں جھوٹے مقدمہ میں ملوث کرکے تختہ دار پر چڑہا دیا .محترمہ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ اگر قائد عوام آج زندہ ہوتے تو پاکستان ایشین ٹائیگر ہوتا اور عوام خوشحالی اور ترقی کے تمام منازل طے کرچکا ہوتا . محترمہ غنویٰ بھٹو نے پارٹی کارکنان پر زور دیا ہے کہ قائد عوام کی یوم ولادت محض رسمی طور پر منانے کی بجائے آج کے دن یہ عہد کریں کہ بھٹو ازم سے عوام کو روشناس کرانے کیلئے اپنی رابطہ مہم تیز تر کریں۔

مزید : علاقائی