نواز شریف شاید اپنے عہدے کی معیاد پوری نہ کر سکیں ،اعتزاز احسن

نواز شریف شاید اپنے عہدے کی معیاد پوری نہ کر سکیں ،اعتزاز احسن

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنی غلطیوں کے باعث اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارتے ہیں ۔ شاید وزیر اعظم اپنی معیاد پوری نہ کر سکیں ۔ آرمی چیف کو مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہونا چاہئے ۔ پیپلزپارٹی اور ڈاکٹر عاصم دہشت گرد نہیں وفاقی حکومت سندھ میں مداخلت بند کرے ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ہمیشہ کوئی نہ کوئی بڑی غلطی کر جاتے ہیں ۔ وزیر اعظم اپنی غلطیوں کے باعث شاید اپنی حکومتی میعاد پوری نہ کر سکیں ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وزیرا عظم کب اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارتے ہیں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سب سے بڑا کارنامہ ہے، پوری قوم آرمی چیف کے اس کارنامے کو سراہتی ہے ، پیپلزپارٹی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حق میں نہیں ہے ۔ آرمی چیف کو مدت ملازمت پوری ہونے پر اپنے منصب سے ریٹائر ہوجانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو سندھ حکومت کے کاموں میں مداخلت بند کر دینی چاہئے نہیں تو وفاق اور سندھ حکومتوں میں دوریاں پیدا سکتی ہے آصف علی زرداری ملک سے باہر ہیں تو اس پر بھی خاصہ شور مچایا جا رہا ہے آصف زرداری کی بیماری کی وجہ ڈاکٹر عاصم نہیں ہے ڈاکٹر عاصم اور پیپلزپارٹی دہشت گرد ہیں اور نہ ہی دہشت گردوں کو سپورٹ کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر عاصم نے اگر کرپشن کی ہے تو کارروائی ہونی چاہئے ۔

مزید : صفحہ اول