ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے آگاہی ضروری ہے ،مقصود احمد

ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے آگاہی ضروری ہے ،مقصود احمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اے آئی جی سیکیورٹی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس مقصود احمد نے کہا ہے کہ ہنگامی صورت حال سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر سے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔انھوں نے یہ بات پیرکی دوپہر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ میں زیر تربیت گریڈ 19 کے 56 وفاقی، صوبائی ونیم سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے سینئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔افسران نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کی جانب سے اچانک ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک روزہ ہوسٹائل انوائرمنٹ اوےئرنیس ٹریننگ پروگراممیں شرکت کی۔مقصود احمد نے کہا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کیا ہے تاکہ سرکاری ونجی اداروں، اساتذہ، طالبعلموں ودیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اچانک پیدا ہونے والے خطرات کو بہتر طور پرنمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے ۔ انھوں نے کہاکہ اس بات کی اہم ضرورت ہے کہ عوام کو خطرات سے نمٹنے کے لیے عملی بنیادوں پر فنی مہارت سے آگاہ کیا جائے جس میں ہتھیاروں کے بارے میں بنیادی آگاہی اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔ قبل ازیں نیشنل انسٹیٹیوٹ میں زیر تربیت سینئر افسران نے سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور افسران واہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ سینئر افسران نے ایس ایس یو کے افسران وکمانڈوز سے گفتگو بھی کی اور انھیں بین الاقوامی ادارے یونائیٹڈ کنگڈم ایکریٹیڈیشن سسٹم برطانیہ کی جانب سے آئی ایس اوسرٹیفیکیٹ جاری ہونے پر مبارکباد دی ۔انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے کی جانب سے ایس ایس یو کو انسداد دہشت گردی آپریشنز ، حساس تنصیبات واہم شخصیات کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو بین الاقوامی معیار کا تسلیم کرنا پاکستان کے لیے قابل فخر ہے۔افسران نے امید ظاہر کی ہے کہ پولیس کے دیگر محکمے بھی ایس ایس یو کی طرز پر بہتر بنائے جائیں گے۔بعد ازاں اے آئی جی سیکیورٹی سندھ پولیس مقصود احمد نے ایک روزہ تربیت مکمل کرنے والے سینئر افسران میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے اور خواجہ شوکت چیف انسٹرکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کو شیلڈ پیش کی گئی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر