پولیس مقابلہ میں جاں بحق نوجوان کے اہلخانہ کا احتجاجی مظاہرہ

پولیس مقابلہ میں جاں بحق نوجوان کے اہلخانہ کا احتجاجی مظاہرہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گذری میں مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے لیاری کے نوجوان زکریا جنجوعہ کے اہلخانہ نے انصاف کے حصول کے لیے پیر کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں مذکورہ نوجوان کے اہلخانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، جس پر انصاف کے حصول کے لیے نعرے درج تھے ۔ مذکورہ نوجوان کی ہمشیرہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کا بھائی زکریا جنجوعہ ملائیشیا میں رہائش پزیر تھااور وہ وہاں تعلیم حاصل کر رہا تھا ۔ 22 دسمبر کو وہ کراچی آیا تھا اور2 جنوری کو گذری میں اپنے دوست سے پیسے لینے اکیلا گیا تھا لیکن پولیس نے ہمارے بھائی کو مبینہ طور پر جعلی مقابلے میں مار دیا ۔ میرے بھائی کا جرائم پیشہ عناصر سے کوئی تعلق نہیں ہے اور پولیس نے جو دوسرا ملزم گرفتار کیا ہے ، اس کا ہمارے بھائی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں اور ہمیں انصاف دلایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی جلد اس معاملے کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر