بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنائیں گے، اشفاق سرور

بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنائیں گے، اشفاق سرور

لاہور( اپنے نامہ نگار سے )صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کے تمام بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جس کے لیے صوبائی سطح پرخصوصی مہم کے ذریعے ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔یہ بات صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے قائم اعلیٰ سطحی سٹیرنگ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں، چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل ، آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا، محکمہ لیبر، داخلہ ، انڈسٹریز ، سکولزکے سیکرٹریز سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہتمام اضلاع کی انتظامیہ کو بھٹوں پربچوں سے مشقت لینے والے افرادکے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ تمام ادارے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مربوط اور مشترکہ کوششیں کریں تاکہ معاشرے سے اس لعنت کا خاتمہ اوربھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کے خواب کا حصول ممکن ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ لیبر کے ذمہ دار افراد کے خلاف سزاؤں اور جرمانوں کو مزید سخت کردیا گیا ،14سال سے کم عمر بچوں سے مشقت لینے والے افراد کے ساتھ کوئی رعائت نہیں بھرتی جائے گی۔ اجلاس میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے سرکاری سکولوں میں داخلے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اشفاق سرور

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر