وفاقی حکومت نے ملازمین کو 23 ہزار پلاٹ فلیٹ ،گھر الاٹ کئے ہیں اکرم درانی

وفاقی حکومت نے ملازمین کو 23 ہزار پلاٹ فلیٹ ،گھر الاٹ کئے ہیں اکرم درانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ ابھی تک ہم نے وفاقی ملازمین کو 23 ہزار پلاٹ‘ فلیٹ اور گھر الاٹ کئے ہیں‘ بھارہ کہو کی سکیم کا معاہدہ آئندہ دو ہفتوں میں طے پا جائے گا‘ یہاں سرکاری ملازمین کو 3020 پلاٹ دیئے جائیں گے‘ ایک ماہ کے اندر 2886 اپارٹمنٹس تیار کئے جائیں گے‘ ایف 14‘ ایف 15 میں نو ہزار کنال پر کام جلد شروع ہوگا۔ پیر کو قومی اسمبلی میں فرحانہ قمر کے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی جانب سے گورنمنٹ ہاؤسنگ سکیموں کو توسیع نہ دینے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا کہ اس سیشن میں انہیں موقع دیا جائے وہ اپنی وزارت کی کارکردگی سے ایوان کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ملازمین کو ابھی تک ہم نے 23 ہزار پلاٹ ‘ فلیٹ اور مکانات الاٹ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 1700 ملازمین کو آفر دیئے ہیں۔ بھارہ کہو کی سکیم کا معاہدہ آئندہ دو ہفتوں میں طے پا جائے گا جس کے بعد بھارہ کہو سیکٹر میں سرکاری ملازمین کو 3020 پلاٹ دیں گے۔ ایک ماہ کے اندر اندر 2886 اپارٹمنٹس مزید تیار کرکے دیں گے۔ ایف 14 اور ایف 15 میں 9 ہزار کنال پر کام جلد شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹھلیاں سیکٹر میں تیس ہزار کنال کا ایم او یو سائن کیا ہے۔ وزیراعظم سے اس کا افتتاح کرائیں گے۔ ہم نے ایک سال میں 60ہزار کنال کی ڈویلپمنٹ پر کام کیا ہے۔ توجہ مبذول نوٹس پر فرحانہ قمر کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے کہا کہ جی فورٹین میں ترقیاتی کام جاری ہے۔