پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط،باہمی تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے : نواز شریف

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط،باہمی تجارت کا حجم ایک ارب ...
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط،باہمی تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے : نواز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔معاہدے ، دفاع ،صحت، سائنس اینڈ ٹیکنالونی اور تجارت کے شعبوں میں کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کے تین روزہ دورہ سری لنکا کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 8 معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔معاہدے کی تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف اور سری لنکن صدر بھی موجود تھے جبکہ پاکستان کے وفد میںوفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویرالحسن، خرم دستگیر خان ، طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام موجود ہیں۔
معاہدے کی تقریب سے قبل سری لنکا کے صدر نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔سری لنکا کے صدر نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ پاکستان نے 20 سال تک دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سری لنکا کی مدد کی ۔
علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تقریب کے بعدسری لنکا کے صدر کی طرف سے وزیر اعظم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائے گا ۔ سری لنکا نے نادرا سے استفادہ حاصل کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔ علاوہ ازیں سری لنکا کی طرف سے سب سے زیادہ دلچسپی جے ایف 17 تھنڈر کے معاملے پر دکھائی جارہی ہے جس کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ سری لنکا کے دوران سب سے زیادہ ملاقاتیں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر الحسن کی ہورہی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سری لنکا ، پاکستان کے ساتھ دفاع کے شعبے میں تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین تعلقات ہیں دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں،پاکستان اور سری لنکا باہمی تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔مذاکرات سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید بہتر ہونگے دورہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے عالمی اور علاقائی امور پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دفاع کے شعبے میں سری لنکا کے ساتھ تعاون کررہا ہے اور دونوں ملک مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر بھی توجہ دیں گے۔دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے کے مواقع موجود ہیں باہمی تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر تک لے کر جائیں گے ،تعلیم کے شعبے میں بھی باہمی تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -