انتخابات میں 3نشستوں کا حصول ہماری بڑی کامیابی ہے :میاں زاہد حسین
کراچی(آن لائن)بزنس مین پینل کے رہنماؤں میاں زاہدحسین ،سنیٹرحاجی غلام علی ا و ر ذکریاعثمان نے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات برائے2017 میں بھرپور حمایت پر بزنس کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سرکاری عہدیدار کی مداخلت کے باوجود انتخابات میں 3نشستوں کا حصول ہماری بڑی کامیابی ہے ۔بزنس کمیونٹی کے سامنے یونائیٹڈ بزنس گروپ اور اس کے سرپرستوں کا چہرہ عیاں ہوتا جارہا ہے ۔جس دن سرکاری عہدے پر براجمان شخصیت اپنے عہدے سے فارغ ہوئی اسی دن یونائیٹڈ بزنس گروپ اپنے انجام کو پہنچ جائے گا ۔زبیر طفیل کو ایف پی سی سی آئی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ فیڈریشن کے معاملات خود دیکھیں گے اور کسی کی ڈکٹیشن لیے بغیر کام کریں گے ۔گزشتہ روز جاری ایک بیان میں بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ الائنس کے رہنماؤں نے کہا کہ ٹی ڈیپ کے سی ای او جس طرح فیڈریشن کے انتخابات میں اثر انداز ہوئے ہیں وہ سب کے سامنے ہے۔ تمام تر منفی ہتھکنڈوں کے باوجود ہمارے الائنس نے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ دو نشستوں پے صرف 1اور 3 ووٹ کے فر ق سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کامیاب ہوا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بزنس کمیونٹی میں ہماری آواز کو سنا جارہا ہے۔
اور اگر بغیر کسی دباؤ اور حکومتی سرپرستی کے انتخابات کا انعقاد ہو تو ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈیپ کے پلیٹ فارم سے منظور نظر افراد کو نواز کر ایف پی سی سی آئی انتخابات میں ووٹ لیے جاتے رہے ہیں اور جس روز ٹی ڈیپ کے موجودہ سربراہ اپنے عہدے سے فارغ ہوئے وہ دن یونائیٹڈ بزنس گروپ کا بھی آخری دن ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا نصب العین بزنس کمیونٹی کی خدمت ہے اور اس کے لیے ہمیں کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہم پہلے بھی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ۔انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب صدر زبیر طفیل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی توقع رکھتی ہے کہ زبیر طفیل آزادانہ طور پرفیصلے کریں گے او رتما م نا ئب صدو رکو آزادی سے کام کر نے کامو قعے دیں گے اور کسی کی ڈکٹیشن لیے بغیر ملکی معیشت کے لیے کام کریں گے ۔اس وقت ملکی برآمدات زبوں حالی کا شکار ہے ۔بنگلہ دیش جیسا ملک ہم سے بڑا ایکسپورٹر بن چکا ہے لیکن ہم جی ایس پی پلس اسٹیٹس ملنے کے باوجود اپنی برآمدات میں اضافہ کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔برآمدات کے فروغ کے لیے قائم کیے گئے ادارے کے سربراہ اگر سیاست کی بجائے ادارے پر توجہ دیتے تو آج صورت حال یکسر مختلف ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ ہم فیڈریشن کی بہتری کے لیے مثبت تجاویز دیتے رہیں گے ۔زبیر طفیل کو اب کسی ایک گروپ کے بجائے پوری بزنس کمیونٹی کے مفادات کو سامنے رکھنا ہوگا ۔اگر انہوں نے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بزنس کمیونٹی کے حوالے سے مثبت فیصلے کیے تو بزنس مین پینل ان کی بھرپور حمایت کر ے گا ۔#/s#
*