ہاکی کو دوبارہ عروج پر پہنچائیں گے:ڈی جی سپورٹس پنجاب
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا کہ ہاکی کو دوبارہ عروج پر پہنچائیں گے،ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اس کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات کیے جا رہے ہیں، 63 نیشنل سینئر ہاکی چیمپئین شپ کا انعقاد خوش آئندہے ۔ان خیالات کا اظہار 63نیشنل سینئر ہاکی چیمپئین شپ کے فائنل میچ کے موقع پرکیا۔اس موقع پر سیکرٹری ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر،لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس اور نا مور اولمپئین منظور جونیئر بھی موجود تھے۔ ڈی جی سپورٹس نے مزید کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کے لیے ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کررہا ہے وہ وقت دور نہیں جب ہاکی کو دوبارہ عروج حاصل ہو گا، ماضی میں ہمارے اولمپئین نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے،اب بھی ہاکی کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 63نیشنل سینئر ہاکی چیمپئین شپ کا انعقاد خوش آئند ہے اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد تسلسل سے ہونا چائیے تاکہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے کھیل میں پختگی آئے۔