کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کا15واں کانووکیشن ، 200طلباء میں اسناد تقسیم

کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کا15واں کانووکیشن ، 200طلباء میں اسناد تقسیم

لاہور (بزنس رپورٹر ) کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ (کاتھم) پاکستان و دبئی کا پندرہواں کانووکیشن گزشتہ روز رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب لاہور میں منعقد کیا گیا جس میں 200 طالب علموں نے مختلف تعلیمی پروگرامز جیسے ہاسپٹیلٹی ، کلنری آرٹس ، بیکنگ اینڈ پیٹسری ، ٹریول اینڈ ٹورازم مینجمنٹ کے شعبوں میں تعلیمی اسناد حاصل کیں جبکہ 30 طالب علموں کو شاندار تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر میڈلز اور اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔اس پُر وقار تقریب میں صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن سید رضا گیلانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔دیگر معزز مہمانوں میں پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر،یمّ گروپ آف ریسٹورنٹس کے کارپوریٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نثار چوہدری ، نیوٹک کے ڈائریکٹر حاجی محمد ڈوگر ، ذوالفقار راحت ،شاہد قادر اور اکبر چوہدری بھی شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوتھم پاکستان و دبئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے کہا کہ ہم نے اپنے ادارے کی تاریخ میں اہم سنگِ میل کو عبور کرچکے ہیں اور کامیابی کے نئے افق تسخیر کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے تمام طالب علموں کو مبارک باد دی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ہونہار طلبہ نے دبئی ، ترکی ، یورپ اور دیگر ممالک میں مختلف مقابلے جیت کر نہ صرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ دنیا کو دکھایا کہ پاکستانی لوگ کتنے محنتی و اعلیٰ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور پاکستان کتنا خوبصورت ملک ہے انشاء اللہ ہم آئندہ بھی پرچمِ پاکستان کو ہر جگہ سر بلند رکھیں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ میں روایتی نظام کا حصّہ بننے کے لئے نہیں بلکہ کچھ کرنے کے جذبے سے پاکستان آیا ہوں انہوں نے کہا کہ مجھے صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن رضا گیلانی اور حکومتِ پنجاب نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ہم انشاء اللہ آنے والے وقت میں پنجاب یونیورسٹی کو مثالی تعلیمی ادارہ بنائیں گے بلکہ اسے دنیا کی بہترین یونیورسٹیز کی فہرست میں بھی شامل کرائیں گے۔کانووکیشن تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن رضا علی گیلانی نے اپنے خطاب میں طالب علموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پوری صلاحیتوں نیک نیتی اور ملک و قوم کی خدمت کے جذبے سے عملی زندگی میں آئیں ترقی کے بے شمار مواقع اُن کے منتظر ہیں۔سی پیک کے تحت ترقی و خوشحالی کے بے شمار مواقع پاکستانی نوجوانوں کو حاصل ہوں گے جن سے مستفید ہونے کے لئے حکومتِ پنجاب نوجوانوں کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی ۔کانووکیشن میں ماہرین تعلیم ، ہاسپٹیلٹی صنعت سے وابستہ افراد ،صحافت اور سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات سمیت ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...