ریلی کے شرکاء اورپولیس میں جھڑپیں ، پتھراؤ ، شیلنگ ، شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام ، مریض نے سڑک پردم توڑ دیا

ریلی کے شرکاء اورپولیس میں جھڑپیں ، پتھراؤ ، شیلنگ ، شہر بھر میں بدترین ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کرائم رپورٹر) اسلام بچاؤ ریلی کے موقع پر صوبائی دار الحکومت میں ٹریفک کا نظام مکمل طور پر جام ہو کر رہ گیا ۔مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان پر شیلنگ اور آنسو گیس کے گولے پھینکتی رہی جس کے باعث درجنوں افراد شیلنگ سے متاثر ہو کر ہسپتالو ں میں پہنچ گئے مظاہرین کے احتجاج کے باعث پولیس نے درجنوں مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔جبکہ شہر کے اندرونی اور بیرونی راستوں پر انتظامیہ نے کنٹینر کھڑے کر کے ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈالنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں شہر بھر کی چھوٹی بڑی سڑکیں اور شاہراہوں پر ٹریفک کا پہیہ جام ہو گیا۔جبکہ تحریک لبیک یا رسول اللہ ریلی کے باعث میٹرو بس سروس کو بھی معطل کر دیا گیا۔شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاروں کے باعث موٹر سائیکل سواروں اور پیدل افراد کو بھی چلنا دشور ہو گیا ۔ٹریفک وارڈنز بھی اس گھمبیر صورتحال سے پریشان ہو کر اکثر مقامات سے غائب ہو گئے جبکہ مقامی پولیس بھی صورتحال کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ۔ریلی داتا دربار سے نکالے جانے سے قبل ہی شہر کے مختلف مقامات پر انتظامیہ نے بڑے بڑے کنٹینرز کھڑے کر کے راستے بند کر دیئے تھے کلمہ چوک ،فیروز پور روڈ ،حسین چوک ،مین بلیوارڈ گلبرگ ،ایم ایم عالم روڈ صدیق ٹریڈ سنٹر چوک ،کیمپس چوک ایجرٹن روڈ چوک ،مینار پاکستان چوک ،بتی چوک ،راوی پل ،بند روڈ سگیاں اور بند روڈ سمیت شہر کے دیگر مقامات پر 12بجے دوپہر سے ہی ٹریفک کی آمد و رفت کا سلسلہ بند کر دیا گیا تھا ۔متبادل راستے درست نہ ہونے کے باعث ساڑھے 12 بجے ہی شہر میں ٹریفک کا چلنا نا ممکن ہو گیا اور گلی محلوں میں بھی روانی نہ ہونے کے برابر تھی۔تحریک لبیک یا رسول اللہ ریلی کے علاوہ دوسری طرف پی ایچ اے ملازمین کے احتجاج نے بھی ٹریفک جام میں اہم کردار ادا کیا ریسکیو 1122اور مریضوں کو لیجانے والی ایمبو لینسز ٹریفک میں پھنسی ہوٹر اور ہارن بجا بجا کر راستے کی تلاش میں کئی گھنٹے پھنسی رہیں جبکہ شہری اس صورتحال سے تنگ آ کر گاڑیوں میں بیٹھے ٹریفک کے کھلنے کا انتظار کرتے رہے ۔ٹریفک کے مسلسل جام ہو نے کے باعث پولیس کو بھاری نفری میں کھڑا کر دیا گیا جنہوں نے ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کی کوشش میں مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو مظاہرین نے پولیس فورس پر پتھراؤ شروع کر دیا ۔جبکہ پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ اور آنسو گیس کے گولے پھینکے، درجنوں مظاہرین شیلنگ کے باعث معمولی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتالوں تک لیجانا پڑا ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) احمد مبین زیدی نے شہر میں جام ٹریفک کے حوالے سے موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے شہر میں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لئے 2ایس پیز ،10ڈی ایس پیز ،5انسپکٹرزاور 1600سے زائد ٹریفک وارڈنز کو تقینات کر دیا تھا اور وہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کے لئے گائیڈ کرتے رہے انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے ٹریفک اہلکار گاڑیوں کو متبادل راستوں پر ڈالنے کی بھرپور کوشش کرتے رہے جبکہ شہریوں کو بار بار اپیل کی گئی کہ وہ ٹریفک پولیس سے بھرپور تعاون کریں یہ انتظامات امن و امان کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی سہولت کی خاطر کئے گئے تھے ۔ٹریفک پولیس کے تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ٹریفک کے کلیئر ہونے تک اپنی خدمات جاری رکھیں ۔انہوں نے بتایا کہ احتجاج کی وجہ سے صدیقی ٹریڈ سنٹر سے کلمہ چوک ،کلمہ چوک سے فیروز پور روڈ ،مین بلیوارڈ سے لبرٹی گول چکر اور فردوس مارکیٹ سے سنٹر پوائنٹ بندکر دیا گیا اور ٹریفک پولیس کو مو قع پر بھجوا کر رکا وٹیں لگانے کی ہدایت کی گئی ان راستوں پر آنے والے شہریوں کو مشکلات سے بچنے کے لئے آگاہ کیا جاتا رہا کہ وہ ان راستوں پر جانے کی بجائے متبادل راستہ اختیار کریں تاکہ ان کو منزل مقصود تک پہنچنے میں کوئی دقت نہ ہو ۔صو با ئی دار الحکو مت میں انتظا میہ کی غفلت ایک اور انسا نی جا ن نگل گئی ۔کو ئی بھی محکمہ ذمہ داری قبو ل کر نے کو تیا ر نہیں۔تفصیلا ت کے مطا بق والٹن کے علا قہ میں شد ید ٹر یفک جا م میں رکشہ سو ار 50سا لہ نصیر آ با د کا رہا ئشی عبیر غو ری دل کا دورہ پڑ نے سے رکشے میں ہی دم تو ڑ گیا رکشہ ڈرائیو ر ٹر یفک اور پو لیس اہلکا روں کی منتیں کر تا رہا کہ رکشے میں سو ار ایک شخص کو دل کا دورہ پڑ ا ہے اسے جا نے دے لیکن کسی نے اس کی کو ئی با ت نہ سنی جس کی وجہ سے وہ رکشے میں ہی دم تو ڑ گیا ۔

ٹریفک جا م

لاہور(خبر نگار خصوصی) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام پورے ملک میں یوم عشق رسول ﷺ منایا گیا اس سلسلہ میں لاہور میں’’ اسلام بچاؤ مارچ‘‘ کیا گیا’’ اسلام بچاؤ مارچ‘‘ داتا دربار سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی ہال کے سامنے پہنچا ۔مارچ کے شرکاء نے مختلف نعروں پر مشتمل پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور بڑے جذباتی انداز میں’’ اللہ اکبر ‘‘ ’’لبیک یا رسول اللہﷺ‘‘ اور’’ نعرہ اسلام ،جیوے جیوے مسلمان‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے مارچ کی قیادت تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی اور مرکزی قائدین میاں ولید احمد شرقپوری ، پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی ،صاحبزادہ حامد رضا سیالکوٹی،پیر محمد شفیق کیلانی صاحبزادہ محمد داؤد رضوی،حضرت مفتی محمد تنویر احمد نقشبندی،علامہ عبد الرشید اویسی ،مولانا محمد یوسف رضوی ، میاں محمد معروف قندھاری نے کی۔ مارچ پنجاب اسمبلی کے سامنے ایک جلسہ عام کی شکل اختیار کر گیا ’’اسلام بچاؤ مارچ‘‘ میں شریک علماء و مشائخ اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم پاکستان کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ اسلام بچاؤ مارچ کے انسانی سمندر نے امریکہ کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ امریکہ یاد رکھے پاکستان اس کی کا لونی نہیں اسلام کا قلعہ ہے ۔اسلام دشمن قوتیں سن لیں 2017 کا سال انشاء اللہ تعالیٰ غلبہ اسلام کا سال ہو گا۔ مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی ۔برما،شام ،کشمیر،فلسطین اور دیگر علاقوں میں مسلمانوں کے قتل عام پرا قوام متحدہ کی اندھی، بہری اور گونگی سلامتی کونسل اپنی افادیت کھو چکی ہے۔ مسلم ممالک پر اپنی علیحدہ سلامتی کونسل ،معاشی منڈی ،اور مشترکہ فوج تشکیل دینا ناگزیر ہو چکا ہے ۔برما میں مسلمانوں کی قتل و غارت اور نسل کشی کے ذمہ دار تھین سین اور آشن وراتھو پر جنگی مجرم کا مقدمہ چلا کر انہیں پھانسی دی جائے ۔ برما کے مسلمانوں کی حمایت کے لئے جہاد فرض ہو چکا ہے حکومت فوری طور پر برما سے سفارتی تعلقات ختم کر کے وہاں پاکستان آرمی کو بھیجے بصورت دیگر تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کو برما میں جہاد کے لئے رضا کار بھرتی کرنے ، انہیں ٹریننگ دینے اور ا نہیں برما بھیجنے کی اجازت دی جائے ۔ملک شام میں تباہی اور قتل و غارت کے تمام ذمہ داروں پر جنگی مجرم کا کیس چلایا جائے ۔برما ،شام اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی امداد کے لئے ہم نے صراط مستقیم ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے فنڈ قائم کر دیا ہے ۔جس سے ان علاقوں میں کمبل اور غذائی اشیاء پہنچائی جائیں گی ۔ پاکستان کے اسلامی تشخص کے خلاف سازشیں کرنے والوں سے اب ہر محاذ پر کھلی جنگ ہو گی ۔پاکستان کا مقدر صرف اور صرف نظام مصطفےٰ ﷺ ہی سے سنوارا جا سکتا ہے۔ 295C قانون ناموس رسالت کے خلاف سازشی عناصر ذلت و رسوائی کے انجام کو پہنچیں گے۔ اس کے بدلنے کا ارادہ کرنے والا خود بدل جائے گا ۔ہم امریکہ کے کہنے پر اپنے قومی نصاب تعلیم میں قرآن اور اسلام مخالف باتیں ہرگز داخل نہیں کر سکتے بصورت دیگر لاکھوں اساتذہ اور کروڑوں بچوں کا ایمان داؤ پرلگ جائے گا۔سانحہ چکوال کے تمام گرفتار مسلمانوں کو فی الفور رہا کیا جائے ۔سابق گورنر سلمان تاثیر کی حمایت میں اخبارا ت میں چھپنے والا آصف علی زرداری کا غیر شرعی بیان کروڑوں عاشقان رسول ﷺکے مقدس جذبات پر بہت بڑا حملہ ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔سابق گورنر سلمان تاثیر کے خلاف کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے پبلک مقامات پر اس کی یاد میں شمعیں جلانے پر پابندی لگائی جائے ۔شان تاثیر کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر پر حکومت وعدے کے مطابق عمل درآمد کرائے ۔انہوں نے آئندہ کا لائحہ عمل پیش کرتے ہوئے کہا کہ’’ تحفظ ناموس رسالت ‘‘اور پاکستان کے اسلامی تشخص کی حفاظت اور مظلوم مسلمانوں کی حمایت کے لئے یکم مارچ صبح 9 بجے لیاقت باغ راولپنڈی میں ’’ انٹر نیشنل لبیک یا رسول اللہﷺ کانفرنس‘‘ہو گی جبکہ یکم اپریل بعد از نماز مغر ب مینار پاکستان پر تاریخ ساز ’’ اسلام زندہ باد کانفرنس‘‘ اور’’ عقیدہ توحید سیمینار‘‘ منعقد ہو گا ۔’’اسلام بچاؤ مارچ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺکے سینئر رہنما اورآستانہ عالیہ شرقپور شریف کے سجادہ نشین میاں ولید احمد جواد شرقپوری نے کہا کہ ملت اسلامیہ ناموس مصطفےٰ ﷺ کے ممتاز پہرے دارو ں پر ہمیشہ فخر کرتی رہے گی انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جیلوں میں موجود تمام غازیان رسالت کو رہا کیا جائے اور عدالتوں سے سزا یافتہ آسیہ ملعونہ سمیت تمام گستاخان رسالت کو پھانسی پر چڑھایا جائے۔غازی ممتاز حسین قادری ملت اسلامیہ کے ہیرو ہیں ہمیں ان سے پیار کرنے سے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی ۔مارچ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی رہنما اور آستانہ عالیہ بھکھی شریف کے سجادہ نشین پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی نے کہا کہ چناب نگر (ربوہ)کے نیشنلائزڈ ادارے قادیانیوں کو واپس دینے کا مطلب ہزار مسلمان اساتذہ اور طلباء کو قادیانیوں کی گود میں ڈالنا ہے ۔جس کے بڑے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے لہذا یہ سرکاری ادارے ہرگز قادیانیوں کو واپس نہ کیے جائیں ۔صاحبزادہ حامد رضا سیالکوٹی نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کا نام ڈاکٹر عبد السلام قادیانی کی بجائے ڈاکٹر محمد عبد القدیر خان کے نام پر رکھا جائے ۔ علامہ مجاہد عبد الرسول خان،مفتی محمد تنویر نقشبندی نے کہا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہﷺعاشقان رسول ﷺکا وہ کارواں ہے جو منزل پرپہنچ کے ہی دم لے گا ۔صاحبزادہ محمد داؤد رضوی نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل صرف نظام مصطفےٰ ﷺ میں ہے اسے فوری طور پر نافذ کیا جائے۔مارچ میں پیر محمد اقبال ہمدمی ،صاحبزادہ سردار احمد رضافاروقی ، مولانا محمد ندیم جیلانی ،مولانا محمد اشرف شاکر ،مولانا محمد صدیق مصحفی جلالی ،مولانا محمد مرتضی علی ہاشمی ،،مولانا مفتی محمد شاہد رفیق مدنی کے علاوہ سینکڑوں علماء و مشائخ نے شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -