شریف برادران آمرانہ طرز حکومت پریقین رکھتے ہیں ،کائرہ

شریف برادران آمرانہ طرز حکومت پریقین رکھتے ہیں ،کائرہ

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شریف برادران آمرانہ طرز حکومت پریقین رکھتے ہیں ،اقتدار میںآنے کیلئے جمہوریت کاراستہ اپناتے ہیں اورپھرمارشل لاء والی ذہنیت کیساتھ حکومت چلاتے ہیں کیونکہ انکی سوچ ہی آمرانہ ہے ، حکومت مخالف تحریک کی تیاری کررہے ہیں بھٹونے غریبوں کو آوازہی نہیں حقوق بھی دئیے ، بھٹوکانظریہ آج کے حالات سے مطابقت رکھتا ہے، بھٹوجیسے لیڈر اپنے بعد آنیوالے عہد میں بھی زندہ رہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرنگ کراس فیصل چوک میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہیدکی سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں کیک کاٹنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام آصف علی زرداری رہائی کمیٹی کے چیئرمین عارف خان کی طرف سے کیاگیاتھا جبکہ زاہد زوالفقار خان‘ واجد علی شاہ‘ چوہدری منظور، ملک سہیل، اشرف بھٹی، چوہدری منورانجم ، عابد صدیقی ، خالدبٹ، نصیر احمد، عمران اٹھوال، وسیم شہاب الدین، جے وکٹر، افنان بٹ، زاہدہ انصارصندل، بشریٰ ملک، یاسمین فاروق سمیت پیپلزپارٹی کے جیالوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھاکہ ذوالفقار علی بھٹو واقعی کمال کے لیڈرتھے ، دولت، جاگیر، اختیارات کی تقسیم انہی کی سوچ تھی، لیکن ان کے بعد آنیوالے حکمرانوں نے غریب عوام سے جمہوریت کے ثمرات چھین لئے۔ میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں پر بیوروکریٹس بٹھادینا یہ شریف برادران کا ہی فن ہے کیونکہ جمہوری راستے سے آمریت کا فن ان سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ آصف علی زرداری رہائی کمیٹی کے چیئرمین عارف خان اورچوہدری منورانجم کااپنے خطاب میں کہناتھاکہ قیادت احتجاج کی کال دے ، دنیا کوبتائیں گے کہ ہم پش اپس لگانے نہیں لگوانے والے ہیں، جو آمریت سے نہیں ڈرے وہ آمریت کی پیداوار سے کیا ڈریں گے ۔ تقریب سے دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

قمر زمان کائرہ

مزید : صفحہ اول


loading...