لاہوریوں کو صاف پانی کا تحفہ اور بسنت فیسٹیول منانے کی اجازت دے دوں گا : لارڈ میئر مبشر جاوید

لاہوریوں کو صاف پانی کا تحفہ اور بسنت فیسٹیول منانے کی اجازت دے دوں گا : لارڈ ...

لاہور(انٹرویو : جاوید اقبال،محمد نواز سنگرا)لارڈ مئیر لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید نے کہا ہے کہ شہر لاہور کے باسیوں کو صحت صاف پانی کا تحفہ دوں گا اور زیر زمین پانی کو محفوظ بنانے کیلئے ترجیجات طے کر لی ہیں۔ بسنت ایک عوامی تفریح ہے اس کی خطر ناک اثرات دور کر کے فیسٹیول کے طو ر پرمنانے کی اجازت دے دوں گا۔لاہور کی تمام اتھارٹیز اور کمپنیوں سے رابطے اور مشاورت کو بڑھائیں گے۔لاہور اور اندرون شہر کی ثقافت کو محفوظ اور بحال کیا جائے گا آئندہ اندرون شہر میں رہائشی مکانات کی جگہ کمرشل پلازے تعمیرات نہیں ہونے دیں گے بلکہ اس پر پابندی عائد کریں گے۔ٹریفک اور صفائی کے نظام میں تبدیلیاں کر کے لاہور کو ایک ماڈل کے طور پر پیش کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ’’روز نامہ پاکستان‘‘کے فورم میں اپنے پہلے باضابطہ انٹرویومیں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔لارڈ مئیر لاہور کا یہ کسی بھی اخبار کو دیا گیا پہلا انٹر ویو ہے اس موقع پرروز نامہ پاکستان کے گروپ ایڈیٹر کوآرڈینیشن ایثار رانا بھی موجود تھے۔اس دوران مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے لارڈ مئیر نے کہا کہ شہر لاہور کو خوبصورت بنانا اولین ترجیح ہے ،ڈپٹی مئیرز ،چئیرمین ،کونسلر اور عوام سے امید رکھتا ہوں کہ وہ ان کا ہاتھ بٹانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے ۔2ہزار سال پرانے تاریخی شہرکی ثقافت کو ہر صورت محفوظ بنایا جائے گا،آئندہ اندرون شہر میں کوئی کمرشل پلازہ تعمیر نہیں ہو گا اور پہلے سے موجود غیر قانونی پلازوں کو گراد یا جائے گا،صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کی بہتری ترجیحات میں شامل ہے۔کم باتیں اور زیادہ کام کو ترجیح دیتا ہوں ۔بسنت ایک شغل میلہ ہے پرامن فیسٹول کی اجازت ہونی چاہیے۔ وزیر اعظم نواز شریف کی بین الاقوامی سطح کی شہرت اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی انتھک محنت کی وجہ سے پاکستان اور پنجاب ترقی کی راہ پر گامزن ہیں۔شہر لاہور میں پنجاب کے دور دراز کے علاقوں سمیت سندھ اور خیبر پختونخواہ کے لو گ آباد ہیں ۔لاہور ایک کثیر الابعاد شہر ہے جہاں مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں میں اپنی ٹیم کے ساتھ مسائل کے خاتمے کی بھر پور کوشش کروں گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے فری ہینڈ دیا ہے میں اور میری پوری ٹیم عوام کی فلاح کیلئے ہر وقت میدان میں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی دارلحکومت میں بڑے منصوبوں کی ضرورت ہے جن پر حکومت پنجاب پہلے سے کام کر رہی ہے۔شہر میں آبادی بے ہنگم ہے جہاں پنجاب کے دور دراز کے علاقوں کے علاوہ سندھ اور خیبر پختونخواہ کے لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق آبادی ایک کروڑ لیکن اندازے کے مطابق اس شہر کی آبادی 2کروڑ سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔شہر میں پینے کا پانی کا صاف پانی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔واسا اس شہر کے60سے70فیصد شہریوں کو صاف پانی مہیا کر رہا ہے ۔اس وقت شہر میں 570ٹیوب ویل کام کر رہے ہیں جن سے لاکھوں گیلن پانی نکل رہا ہے ،پرانے پائپوں کے گلنے کی وجہ سے سیوریج کا پانی پینے کے پانی میں شامل ہو جاتا ہے ،پانی کے ڈسٹری بیوشن نظام کو بھی بہتربنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فنڈز کا درست استعمال پر بھرپور زور دوں گا کیونکہ فنڈز کے درست استعمال کے بغیر نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔پینے کے پانی میں سنکھیا شامل ہو رہا ہے جس کی صفائی یقینی بنائی جائے گی۔پہلے خاص وقت میں ٹیوب ویل چلائے جاتے تھے اب 12گھنٹے چلنے کہ وجہ سے ٹیوب ویل جلد خراب ہوتے ہیں ،بجلی استعمال ہوتی ہے اور سب سے بڑا نقصان زیر زمین پانی کے ذخیرے میں کمی ہو رہی ہے جس کو محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کرنل(ر)مبشر جاوید نے کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے تعاون سے گھروں میں پانی محفوظ کرنے کیلئے ٹینک بنوائے جائیں اور ٹیوب ویل ایک مخصوص وقت میں چلائے جائیں جس سے مشنیر ی بھی محفوظ رہے گی اور شہر میں پانی کے ذخائر کو بھی ضائع ہونے سے بچایا جائے گا۔ایک چئیرمین کے پاس 6کونسلرز ہیں اور ایک کونسلر کے پاس 4000لوگ آتے ہیں شہر کے تمام لوگوں کو بہتر وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔لارڈ مئیر کا کہنا ہے کہ عوامی خواہشات کی تکمیل اولین ترجیح ہے اور عوام کی بھلائی کیلئے نئی قرار دادیں بھی پاس کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت نہ کرنے والی جماعتیں کلین بولڈ ہو جاتی ہیں ،خدمت سے ہی عوام کے دل جیتے جاتے ہیں ،شخصی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر عوام کی خدمت کریں گے۔کرنل(ر)مبشر جاوید نے کہا کہ بیوروکریسی اور بلدیاتی نمائندوں کے درمیاں کوئی اختلاف نہیں ہے سول انتظامیہ عوام کی خدمت اورہم عوام کی نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی کا جامع نظام لائیں گے جس سے شہر کی ایک ایک گلی اور محلے کی صفائی یقینی بنائی جائے گی اور منتخب ڈپٹی مئیرز اور چئیرمین مختلف کمپنیوں کے ساتھ کام کریں گے اور کام کا بہتر ماحول فراہم کیا جائے گا۔اندرون شہر ثقافت کو ہر صورت محفوظ بنایا جائے اور پلازہ مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور اندرون شہر آئندہ کوئی پلازہ تعمیر نہیں ہو گا ،شہر کو غیر قانونی پلازوں،دکانوں اور ریڑھیوں سے پاک کیا جائے گا اور قانون کے اندر رہتے ہوئے ہر غیر قانونی کام کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔لار ڈ مئیر نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک کا ایک جامع نظام لائیں گے جس سے شہر میں کسی جگہ ٹریفک جام نہیں ہو گی،ڈپٹی کمشنر سے مل کر شہر میں جاری احتجاجوں ،دھرنوں اور جلسے جلوسوں کو بھی کنٹرول کیا جائے تاکہ عوام کو مسائل درپیش نہ آئیں۔کرنل (ر)مبشر جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ساتھ مل کر کام کرنا ایک جہاد سے کم نہیں ہے۔ان کی ٹیم میں شامل ہو کر عوام کی خدمت کرنا ایک عبادت سمجھتاہوں قائدین کی پالیسیوں کے باعث پاکستان اور پنجاب بدل رہے ہیں عوام کو روز گار مل رہا ہے ہر میدان میں انقلاب برپا ہو رہا ہے۔پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ ہو گیا ہے 2018میں لوڈشیڈنگ کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔

مزید : صفحہ اول


loading...