ریلوے نے وزارت پیٹرولیم کی اراضی پر قبضہ کرلیا،ہائیکورٹ میں انکشاف

ریلوے نے وزارت پیٹرولیم کی اراضی پر قبضہ کرلیا،ہائیکورٹ میں انکشاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )پاکستان ریلوے نے وزارت پیٹرولیم کی اراضی پر قبضہ کرلیا ،اس بات کا انکشاف لاہور ہائی کورٹ میں ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران ہوا،مسٹر جسٹس شاہد وحید نے اس سلسلے میں دائر وزارت پیٹرولیم کی درخواست پر محکمہ ریلوے کو وزارت پٹرولیم کی اراضی چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ خبر دار کیا کہ اگر عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو متعلقہ افسر جیل جائیں گے ۔وزارت پٹرولیم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وزارت ریلوے نے بادامی باغ میں 5کنال اراضی پر قبضہ کر لیا ہے اور اس پر وزارت ریلوے نے پارکنگ سٹینڈ بنوا دیا ہے، انہوں نے موقف اختیار کیا کہ سول عدالت نے وزارت ریلوے کو اراضی کا قبضہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے لیکن وزارت ریلوے سول عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کر رہی، وزارت ریلوے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ اراضی ہماری ہے، وزارت پٹرولیم کا کوئی تعلق نہیں، عدالتی حکم پر وزارت ریلوے کے جوائنٹ ڈائریکٹر لینڈ بھی عدالت میں پیش ہوئے، عدالتی استفسار پر جوائنٹ ڈائریکٹر تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر عدالت نے جوائنٹ ڈائریکٹر کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر سول عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کیا تو جوائنٹ ڈائریکٹر جیل جائیں گے، عدالت نے وزارت ریلوے کو حکم دیا کہ سول عدالت کے فیصلے پر 2ماہ میں عمل درآمدکر کے رپورٹ عدالت میں داخل کرائی جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -