سفری ذرائع محفوظ تر بنانے کیلئے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ

سفری ذرائع محفوظ تر بنانے کیلئے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ

لاہور( جنرل رپورٹر) حکومت پنجاب نے سڑکوں پر لوگوں کے جان ومال کی حفاظت اور سفری ذرائع کو محفوظ تر بنانے کی غرض سے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیاہے۔اس مقصد کیلئے ابتدائی طور پر اخراجات کا تخمینہ 150ملین روپے لگایا گیاہے جبکہ یہ اتھارٹی 16مارچ سے صوبہ میں کام کا آغاز کردے گی۔یہ بات صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت وایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبی شجاع الرحمن نے دربار ہال سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی عبدالسلام ، صوبائی مشیر رانا مقبول، سیکرٹری ٹرانسپورٹ جاوید اکبر، ڈی جی 1122ڈاکٹر رضوان احمدکے علاوہ ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد اکرم اشرف گوندل اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے مختلف خدوخال کو حتمی شکل دی گئی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیاکہ روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ کا مسودہ متعلقہ محکموں کو غوروخوض کے لئے بھجوا دیا گیاہے۔اس حوالے سے اس بات کو خاص طو رپر یقینی بنایا جائے گاکہ صوبہ میں عالمی معیار کی ڈرائیونگ تربیت کے ادارے قائم کئے جائیں تاکہ ڈرائیونگ سیکھنے و الے افرا دکو اس حوالے سے بہترین تربیت فراہم کی جا سکے۔یہ تربیتی ادارے سویڈن کے ٹریننگ سکولز کی طرز پر قائم کئے جائیں گے اورنئے ڈرائیونگ لائسنسوں کے اجراء اور ٹیسٹنگ ماڈل کا سویڈن میں رائج نظام اپنا یا جائے گا۔اسی طرح یہ تجویز بھی زیر غور ہے کہ شہری علاقوں میں پارکنگ کی سہولیات اس اتھارٹی کے زیر انتظام ہو۔اجلاس میں مزید کہا گیا کہ پنجاب روڈ سیف اتھارٹی کا پائلٹ پراجیکٹ لاہور ،فیصل آباداور ملتان میں شرو ع کیا جائے گاجبکہ روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ کا مسودہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کردیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں مجبتی شجاع الرحمن نے کہا کہ اس ا تھارٹی کے قیام سے پنجاب میں عالمی معیار کی محفوظ سفری سہولیات دستیاب ہوں گی اورحادثات سے بھی نجات ملے گی اسی طرح ڈرائیونگ سکھانے کے لئے انٹرنیشنل معیار کے ادارے بنائے جائیں گے جن سے عوام کو شعور ملے گا کہ سڑکوں پر حادثات سے بچنے کے لئے ڈرائیونگ کس طرح کی جاتی ہے او رٹریفک اصولوں پر عملدرآمد سے ہمارے بچوں کا مستقبل بھی محفوظ تر ہوگا ۔اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کو سراہا اورکہاکہ محفوظ پنجاب کے قیام میں یہ اتھارٹی ایک اہم سنگ میل ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...