مردم شماری نتائج موصول ہوتے ہی بلدیاتی انتخابات کروا دینگے :وزیر اعظم آزاد کشمیر
مظفرآباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی بنیادی وجہ مردم شماری کے نتائج کا باضابطہ اعلان نہ ہونا ہے مردم شماری کے نتائج موصول ہوتے ہی بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے آزادکشمیر کے سیاستدانوں کو پاکستانی قیادت سے متعلق بیانات میں احتیاط سے کام لینا چاہیے اور غیر اخلاقی گفتگو سے گریز کرنی چاہیے۔ وفاق نے آزادکشمیر کو 1روپے10پیسے نیٹ ہائیڈل پرافٹ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر جلد عملدرآمد ہو گا آزادکشمیر این ایف سی میں شامل نہیں این ایف سی ایوارڈ اجلاس میں آزادحکومت بطور مبصر شرکت کرے گی وفاقی سطح پر مطالبہ کیا ہے کہ مشترکہ مفاداتی کونسل میں بھی آزاد کشمیر کو نمائندگی دی جائے۔ الیکٹرانک میڈیا قوم کو متحد کرنے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے الیکٹرانک میڈیا قومی اتحاد و یکجہتی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ آزادکشمیر سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے گا اس حوالے سے مرحلہ وار بنیادوں پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ امریکی صدر کے بیانات تشویشناک ہیں پوری قوم متحد ہو جائے پاکستان دشمن قوتیں مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں ساری قوم کو متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت کے دورے کے دوران کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر مرکزی ایوان صحافت کے نو منتخب عہدیداران صدر ابرار حیدر ،سینئر نائب صدر سجاد میر ،نائب صدر تنویر تنولی ،سیکرٹری جنرل راجہ شجاعت ،ایڈیشنل سیکرٹری سرفراز میر ،جائنٹ سیکرٹری نسیم مغل ،سیکرٹری مالیات سفیر رضا ،سیکرٹری اطلاعات نصیر چوہدری کو مبارک باد دی وزیراعظم آزادکشمیر کے دورہ سنٹرل پریس کلب کے دوران صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی سینئر صحافیوں نے وزیراعظم آزادکشمیر کو خوش آمدید کہا اور ان کا پرتپاک استقبال کیا مرکزی ایوان صحافت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ مرکزی ایوان صحافت کی عمارت کی تعمیر کا کام رواں سال شروع ہو جائے گا پریس کلب کی عمارت کی تعمیر رواں ترقیاتی بجٹ میں شامل ہے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم آزادجموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کو بھرپور وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ میڈیا کی بڑی ذمہ داریاں ہیں میڈیا کو قومی اتحاد و اتفاق کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا خطہ کی تعمیر و ترقی ،گڈ گورننس اور میرٹ کی بحالی کے لیے میڈیا تجاویز دے ان تجاویز پر عملدرآمد کیا جائے گا وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ گلگت بلتستان مسئلہ کشمیر کا حصہ ہے وزیراعظم پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی ہے ہم چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام کو زیادہ سے زیادہ اختیار ملے حکومت آزادکشمیر آج یوم حق خود ارادیت کو بھرپور انداز میں منائے گی تاکہ اقوام متحدہ کو اس کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کی یادہانی ہو انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر گزشتہ سال اکتوبر میں بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی تھی لیکن حلقہ بندیوں ،ووٹر فہرستوں سمیت دیگر آئینی و قانونی ایشوز کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات اکتوبر میں منعقد نہیں ہو سکے حکومت آزادکشمیر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہے مردم شماری کی تکمیل کے بعد فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ آزادکشمیر میں بلدیاتی نظام کی بحالی سے جہاں اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہو گا وہاں تعمیر و ترقی کے کاموں میں بھی تیزی آئے گی اور لوگوں کے بنیادی مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں گے جماعت کی سطح پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ بلدیاتی اداروں میں ضلعی صدور ہی ایڈمنسٹریٹر تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کامستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے جمہوریت میں ہی سیاست ہے نظام چلتا رہنا چاہیے سیاسی انتشار اور افراتفری کے ماحول میں دشمن کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا سیاست دان اپنی بات ضرور کریں لیکن ایسی بات نہ کریں جس سے قوم مزید تقسیم ہو۔ رواں سال پاکستان میں انتخابات کا سال ہے قوم کو متحد و منظم ہو کر الیکشن کا مرحلہ مکمل کرنا ہو گا وزیراعظم آزادکشمیر کا کہناتھا کہ حکومت آزاد کشمیر اپنی متعین کردہ ترجیحات کی طرف بڑھ رہی ہے مقرر کردہ اہداف کی طرف مرحلہ وار بنیادوں پر آگے بڑھ رہے ہیں ۔خطہ میں آئین و قانون کی بالادستی ،میرٹ کی بحالی کے لیے مزید ٹھوس اور جاندار اقدامات اٹھائے جائیں گے لوگ ساتھ دیں گے تو مزید بہتر انداز میں کام کر سکیں گے اور اصلاحات ممکن ہو سکیں گی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے دیگر ذرائع بھی استعمال میں لائے جا رہے ہیں نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بلاسود قرضہ سکیم جاری ہے ٹیوٹا کے ذریعے نوجوانوں کو مختلف شعبوں کے ہنر سکھائے جا رہے ہیں تاکہ یہ نوجوان فنی تربیت حاصل کر کے اپنا کاروبار شروع کر سکیں ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد خطہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے شاہرات کو اولین ترجیح دی گئی ہے ضلع سے ضلع اور ضلع سے تحصیل کی شاہرات کی اپ گریڈیشن پر خطیر بجٹ مختص ہے اور تمام شاہرات کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے رواں مالی سال کے دوران 23ارب کے مجموعی ترقیاتی بجٹ میں سے 9ارب 40کروڑ روپے شاہرات کے لیے مختص کیئے گئے ہیں ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین کے مسائل کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر میٹنگ ہو گئی ہے اس میٹنگ کے فیصلوں پر جلد عملدرآمد ہو گا آئین و قانون کے مطابق کام ہماری ترجیح ہے قانون اور قاعدے کو نظرانداز کرنے سے خرابی پیدا ہوتی ہے جس کا خمیازہ سب کو بھگتنا پڑتا ہے وزیراعظم کمیونٹی انفراسٹریکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت عوام کو بنیادی سہولیات مہیا کی جار رہی ہیں ایل پی جی کا مسئلہ بھی حل ہو گا .