’’ چین گوادر میں ایسا کوئی کام نہیں کررہا اور نہ ہی ۔ ۔ ۔ ‘‘ پاکستان نے دوٹوک اعلان کردیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں چین کے فوجی اڈے بنانے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں اور نہ ہی گوادر یا اس کے نواحی علاقوں میں فوجی اڈے بنانے سے متعلق چین کی کوئی درخواست وصول ہوئی ہے۔
گزشتہ روز ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان میں چین کے فوجی اڈے بنانے کا کوئی منصوبہ زیرغور نہیں ،بعض دشمن عناصر سی پیک منصوبے کو سبوتاژ اور پاک چین تعلقات متاثر کرنے کی غرض سے اس قسم کی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ آئی ایس پی آر سے واضح بیان آچکا ہے کہ ڈرون حملہ ہوا تو موثر جواب دیا جائیگا، پاکستان کی خارجہ پالیسی کا تعین اقتصادی پالیسی کے تحت نہیں کیا جاتا، زندہ قومیں چیلنجز کا مقابلہ خندہ پیشانی سے کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف امریکا کی جانب سے امداد کی فراہمی کے متعلق تفصیلی ریکارڈ جاری کیا جائیگا، اس حوالے سے وزارت دفاع میں کام ہو رہا ہے۔