پی ایس 94 پرضمنی انتخاب کی تاریخ تبدیل،ضمنی الیکشن 27 جنوری کو منعقد کرنے کا فیصلہ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) الیکشن کمیشن سندھ نے پی ایس 94 پرضمنی الیکشن اب 27 جنوری 2019 کو کرانے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کی تاریخ بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ چیف الیکشن کمیشن سندھ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظورکرلی۔ جس کے بعد پی ایس 94 پرضمنی الیکشن 27 جنوری کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے شکر گزار ہیں۔ تاریخ کی تبدیلی کا نوٹس موصول ہوگیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوٹس کے مطابق پی ایس 94 کے انتخابات اب 27 جنوری اتوار کے دن ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخاب میں ٹرن آوٹ اچھا ہوگا۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ تحریک انصاف کامیاب ہوئی، الیکشن کمیشن کے بروقت فیصلے سے مطمئن ہیں اورالیکشن کمیشن سے بہتر الیکشن نظام اور صاف و شفاف انتخابات کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے ہمارے باقی مطالبات بھی پورے کیے جائیں گے ۔واضح رہے کہ پی ایس 94 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تیر کے انتخابی نشان پر جاوید شیخ ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ،تحریک انصاف کی جانب سے اشرف جبار قریشی امیدوار ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے سید ہاشم رضا کو اپنا امیدوار قرار دیا ہے جو پتنگ کے انتخابی نشان پر ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے،پاک سرزمین پارٹی کے امیدوار عرفان وحید ڈولفن کے نشان پر میدان میں موجود ہیں ۔چاروں بڑی سیاسی جماعتوں نے حلقے میں انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے اور دفاتر کھولنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔