کاروں کی درآمد 42.17موٹر سائیکلوں کی 50.26فیصد کم ہو گئی : ادارہ شماریات
اسلام آباد( آن لائن )مالی سال 2018-19 میں جولائی تا نومبر کے دوران کاروں کی درآمدات میں 42.17 فیصد جبکہ موٹر سائیکلوں کی درآمدات میں 50.26 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے ۔ادارہ برائے شماریات پاکستان پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر 2018 کے دوران کاروں کی درآمدات کا حجم 13 کروڑ 49 لاکھ 10ہزار ڈالر جبکہ موٹر سائیکلوں کی درآمدات 17 لاکھ 42 ہزار ڈالر تک کم ہوگئیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر 2017 کاروں کی درآمدات کا حجم 23 کروڑ 32 لاکھ 73ہزار ڈالر اور موٹر سائیکلوں کی درآمدات کا حجم 35لاکھ 2 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران کاروں اور موٹر سائیکلوں کی درآمدات میں بالترتیب 42 فیصد سے زائد اور 50 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔