کپاس کی بہتر پیداواری حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے اجلاس

کپاس کی بہتر پیداواری حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے اجلاس

لاہور( نیوز رپورٹر) کپاس کی آئندہ فصل کیلئے بہتر پیداواری حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے زراعت ہاؤس لاہور میں بینش فاطمہ ساہی ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس)کی زیرصدارت زراعت ہاؤس لاہور میں مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں سید ظفریاب حیدر ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع)،ڈاکٹر صغیر احمد ڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹیٹوٹ ملتان سمیت سلمان عزیز سیکرٹری جنرل سیڈ ایسوسی ایشن و سیڈ کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔اس موقع پر بینش فاطمہ ساہی ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس)نے کہا کہ کپاس کی آئندہ بہتر پیداوار لینے کیلئے ضروری ہے کہ ابھی سے حکمت عملی مرتب کی جائے اسی لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کا مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا ہے تاکہ کپاس کی آئندہ فصل سے بہتر پیداوار لینے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائے۔ کپاس کی فصل پر امسال موسمی تبدیلیوں کے باعث کیڑے مکوڑوں کا حملہ مشاہدے میں آیا اور کپاس کے مرکزی علاقہ جات میں پانی کی کمی کے باعث پیداوار اندازے سے کم رہی۔ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس) نے مزید کہا کہ کپاس کی بہتر پیداوار میں بیج ایک بنیادی کردار ادا کرتا ہے اسی لئے تمام سیڈ کمپنیوں کے نمائندگان کو اس مشاورتی اجلاس میں مدعو کیا ہے کہ کپاس کی آئندہ فصل کیلئے بہتر اور وافر مقدار میں بیج کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔

بیج میں خاص طور پر کیڑوں کے خلاف قوتِ مدافعت رکھی جانی چاہیے تاکہ کیڑے مکوڑوں کا حملہ کم سے کم ہو۔ہماری ملکی معیشت اور کاشتکاروں کی خوشحالی میں کپاس کی فصل بنیادی حثیت رکھتی ہے لہذٰا کپاس کی بھرپور پیداوار لینے کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں۔

مزید : کامرس


loading...