سیاسی جماعتوں کے تلوے چاٹنے والوں کو اسفندیارولی کے خلاف ہرزہ سرائی زیب نہیں دیتی، ایمل ولی

سیاسی جماعتوں کے تلوے چاٹنے والوں کو اسفندیارولی کے خلاف ہرزہ سرائی زیب ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایمل ولی خان نے ملی قائد اسفندیار ولی خان اور اے این پی کے خلاف شوکت یوسفزئی کی ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسفندیار ولی خان کے خلاف بولنے والے صوبائی وزیر اپنی اوقات میں رہیں اور وہ وقت یاد رکھیں جب چمک کی خاطر وہ مسلم لیگ کے تلوے چاٹتے رہے ہیں ، مختلف اخبارات میں شائع ہونے والے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ وزیر موصوف کے منہ سے پختونوں کے ہر دلعزیز لیڈر کا نام زیب نہیں دیتا ، صوبائی وزیر اپنے گریبان میں جھانکیں ، ذاتی مفادات کی خاطر ساری زندگی مسلم لیگ کے تلوے چاٹنے والا دو کوڑی کا ورکر چمک کی خاطر پی ٹی آئی میں آ یا اور اپنی اوقات سے باہر ہو گیا، انہوں نے کہا کہ اسفندیار ولی خان پر الزام لگانے والے اپنے وزراء کی کرپشن کا نوٹس لیں اور اپنے ٹولے میں شامل دہشت گردوں کے ساتھیوں اور کرپٹ مافیا کی حقیقت بھی آشکارا کریں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ساری زندگی عوام کے دلوں پر نہیں بلکہ سہاروں کی بنیاد پر سیاست کی ہے اور ہمیشہ سے ایمپائر کی انگلی کے انتظار میں رہنے والی جماعت کا لیڈر خود سٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت اور وحشت کی وکالت کرنے والی جماعت کبھی عوام میں مقبول نہیں رہی ، دہشت گردوں کو دفتر دینے والوں کو اے این پی کے خلاف نا زیبا زبان استعمال کرنا زیب نہیں دیتا، ایمل ولی خان نے کہا کہ فوج کی کٹھ پتلی پارٹی کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ تنگ نظری اور انتہا پسند سوچ نے اس جماعت کو محدود سے محدودتر کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والے آ ج ایک ایسی جماعت کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جس نے ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہمیشہ دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے سروں کے نذرانے دے کر دہشت گردی کی نہ صرف مخالفت کی ہے بلکہ ملک وقوم کی خاطر کھلے عام اس کے خلاف مزاحمت بھی کی ہے لہٰذا جس جماعت کا اپنا گریبان تار تار ہے وہ اے این پی اور اس کے رہنماؤں پر الزامات کیسے لگا سکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ دہشت گردوں کا دوست ہونے کا کردار ادا کیا ، انہوں نے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی کے الزامات کی حقیقت کھل کر سامنے آ چکی ہے کہ ایمپائر کی انگلی کے انتظار میں بیٹھنے والے کن کندھوں پر سوار ہو کر آنا چاہتے تھے، تاہم اب عوام جان چکے ہیں کہ کرپشن کرنے والے کس طرح کرپشن ختم کریں گے، انہوں نے کہا کہ اے این پی کے کارکن عدم تشدد کے فلسفہ پر یقین رکھتے ہیں ، صوبائی وزیر نے زبان کو لگام نہ دی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔