ایل آر ایچ (ای آر سی پی) کی سہولت متعارف
پشاور( سٹاف رپورٹر)لیڈی ریڈنگ ہسپتال میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ پشاورمیں پہلی دفعہ (ERCP) کی سہولت متعارف کر دی گئی ہے۔ Endoscopic Retrograde Cholangiopancreatogram (ERCP) ایک جدید طریقہ علاج ہے جسمیں جدید مشین کے ذریعے پتے، جگر اور لبلبے کی نالی کی بیماریوں کی تشخیص اور علاج میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔ ایل آر ایچ کے گیسٹرو انٹارالوجی یونٹ کے ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر عامر غفور اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران حسن کیمطابق اس جدید طریقہ علاج سے مریضوں کو بہت فائدہ پہنچے گا جس سے ڈاکٹرز کم وقت میں اچھے نتائج دینے کے قابل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سہولت علاج میں ایک اہم پیش رفت ہے اور مریضوں کو یہ سہولت بالکل مفت مہیا کی جا رہی ہے۔متعلقہ ڈاکٹرز نے اس سلسلے میں ایل آر ایچ کے بورڈ آف گورنرز ،ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود اور دیگر انتظامیہ کے کردار کو سراہا ہے جن کی کوششوں سے یہ سب ممکن ہوا۔