شہباز شریف کی پیشی کیلئے جیل حکام کو گارد فراہم نہ کرنے پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو شوکاز نوٹس

شہباز شریف کی پیشی کیلئے جیل حکام کو گارد فراہم نہ کرنے پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز ...

لاہور (نامہ نگار) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو عدالت میں پیش کرنے کے لئے جیل حکام کو گارد فراہم نہ کرنے پر ایس پی ہیڈکوارٹر کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ چنیوٹ میں واقع شریف خاندان کی ملکیت رمضان شوگر ملز کے لئے سرکاری خزانے سے نالہ اور پل بنانے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام عائد ہے جبکہ نیب کی طرف سے شہباز شریف کے خلاف اس کیس کے ریفرنس کی تیاری بھی جاری ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ شہباز شریف کہاں ہیں تو نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف اسلام آباد میں ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر وہ اسلام آباد میں ہیں تو راہداری ریمانڈ میں توسیع کیوں نہیں کروائی گئی۔ عدالت نے شہباز شریف کو پیش نہ ہونے جیل سپرنٹنڈنٹ کو 2گھنٹوں کے اندر طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالتی وقفے کے بعد سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کے سپرنٹنڈنٹ نے پیش ہو کر رپورٹ پیش کر دی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف آپ کی تحویل میں ہیں۔ جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف سب جیل میں قید ہیں جو راولپنڈی جیل کے ماتحت ہے۔ شہباز شریف کو راہداری ریمانڈ میں توسیع کیلئے عدالت میں پیشی کیلئے پولیس اہلکار مانگے گئے مگر نہیں ملے۔اس حوالے سے ایس پی ہیڈکوارٹر کو اس حوالے سے خط لکھا مگر گارد فراہم نہیں کی گئی اور پولیس کی جانب سے گارد کی کمی کا جواب موصول ہوا۔ اسلئے شہباز شریف کو پیش نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سرکاری حکام بتائیں کہ شہباز شریف کی پیشی کیلئے کیوں رابطہ نہیں کیا، یہ کونسی سرکار ہے۔شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ یہ اسلام آباد پولیس ہے ۔جس پر عدالت نے کہا کہ یہ ذمہ داری تو لاہور پولیس کی تھی کہ وہ شہباز شریف کو پیش کرتی۔ عدالت نے گارد فراہم نہ کرنے پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کا ایم آر آئی ٹیسٹ ہوا ہے اور میڈیکل بورڈ نے انہیں ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا ہے۔ اس لئے شہباز شریف طبی وجوہات کی بنا پر عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی مزید سماعت 10جنوری تک ملتوی کر دی۔

ایس پی ہیڈکوارٹرز کو نوٹس

مزید : صفحہ اول


loading...