لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش ، سردی بڑھ گئی، دھند میں کمی

لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش ، سردی بڑھ گئی، دھند میں کمی

لاہور، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں بارش سے دھند میں کمی، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان جبکہ پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، کوئٹہ، ژوب، سرگودھا، فیصل آباد، گو جر ا نوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا،جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے ،جبکہ اس دوران مری، گلیات، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی، پنجاب کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ دھند کی لپیٹ میں رہے جس کی وجہ سے ملتان خانیوال موٹروے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو فوگ لائٹس کے استعمال کرنے اور غیرضروری سفر سے گریز کی ہدایات کی گئی ہیں۔

مزید : صفحہ اول


loading...