کرپشن الزامات، رانا ثناء کا شیخ رشید کیخلاف ریفرنس بھیجنے کا اعلان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے سابق وزیر قانون اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کیخلا ف ریفرنس قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کو بھیجنے کا اعلان کردیا۔اپنے ایک ویڈیو بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہامیں سپیکر قومی اسمبلی کو شیخ رشید کیخلاف ریفرنس بھیج رہا ہوں اور ان سے استدعا کروں گا یہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجیں۔رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ شیخ رشید کے جد و جہد کے نام پر بنائے گئے ٹریننگ کیمپ کے ثبوت موجود ہیں، جسے انہوں نے جوئے کے اڈے کے طور پر چلایا اور اس طرح کشمیر کاز اور کشمیر یوں سے غداری کی،شیخ رشید اس ٹریننگ کیمپ کے ذریعے لوگوں سے بھتہ بھی لیتے رہے، انہوں نے تمام جائیداد جوئے، بھتے اور حرام کی کمائی سے بنائی ، اپنے بھائیوں اور بھتیجوں کے نام پر کاروبار کیا۔شیخ رشید فطرتاً جھوٹا اور فراڈیا ہے۔شیخ رشید نے وزارت میں پہلے بھی کرپشن کی اور اب بھی کرپشن کر رہے ہیں، اس معزز ایوان میں ان کا موجود ہونا ایوان کی توہین ہے۔واضح رہے گزشتہ کافی عرصے سے رانا ثناء اور شیخ رشید کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔گزشتہ ماہ 27 دسمبر کو وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ رانا ثناء اللہ کی طرف کرتے ہوئے انہیں 'بدبودار آدمی' قرار دیا تھا۔جس پر رانا ثناء نے بھی لگی لپٹی نہ رکھی اور ردعمل میں کہا شیخ رشید نے ہر عزت دار شخص کو ڈسا ہے، وہ جس کیساتھ رہے، بعد میں اس کیخلاف گھٹیا گفتگو کی۔انہوں نے شیخ رشید کو اپنی زبان کنٹرول کرنے کا بھی مشورہ دیا تھا۔
رانا ثناء