پاک بھارت عوام میں رابطے اور تعلقات ضروری ہیں، پرویزالٰہی

پاک بھارت عوام میں رابطے اور تعلقات ضروری ہیں، پرویزالٰہی

لاہور(نمائندہ خصوصی) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیراعظم کا منصب سنبھالتے ہی نریندر مودی سے مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے کا کہا تھا اس پر پیش رفت ہونی چاہئے، شایدالیکشن کی وجہ سے نریندر مودی نے عمران خان کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کرتار پور کوریڈور کا آغاز کر کے محبتوں کے نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں بھارتی وکلاء کے 32رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ایڈووکیٹ پرتاپ سنگھ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت عوام میں رابطے اور تعلقات ضروری ہیں، اس سلسلہ میں وکلاء جو دونوں ممالک میں مؤثر حیثیت کے حامل ہیں جو خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبتوں اور پیار کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ بھارتی وکلاء وفد کے سربراہ ایڈووکیٹ پرتاپ سنگھ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ پاکستان سے خوشگوار یادیں اور محبتوں کا پیغام لے کر جارہے ہیں۔ پرتاپ سنگھ نے کہا کہ لاہور آکر ایسا محسوس ہوا کہ جیسے ہم اپنے گھر میں بیٹھے ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی

مزید : صفحہ آخر


loading...