امریکہ ، ہوم لینڈ سکیورٹی کے عبوری بجٹ سمیت شٹ ڈاؤن کے خاتمے کا بل منظور

امریکہ ، ہوم لینڈ سکیورٹی کے عبوری بجٹ سمیت شٹ ڈاؤن کے خاتمے کا بل منظور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (آن لائن) امریکہ کے نومنتخب ایوان نمائندگان نے گزشتہ دو ہفتوں سے جاری حکومت کے جزوی شٹ ڈاؤن کے خاتمے کا بل منظور کرلیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق نومنتخب ایوان میں ڈیموکریٹس کی اکثریت ہے جنہوں نے ایوان کے پہلے ہی اجلاس میں دو مختلف قوانین کے مسودے کثرتِ رائے سے منظور کئے۔ایک بل کے ذریعے حکومت کے زراعت، داخلہ، ہاؤسنگ، شہری ترقیات اور ان دیگر محکموں کیلئے رواں مالی سال کے اختتام تک رقم مختص کی گئی ہے جو شٹ ڈاؤن کا شکار ہیں۔ان محکموں کے لیے بجٹ کی سطح تقریباً وہی رکھی گئی ہے جس پر امریکی سینیٹ کے ری پبلکن رہنماؤں نے گزشتہ سال اتفاق کیا تھا۔ایوان نے یہ بل 190 کے مقابلے میں 241 ووٹوں سے منظور کیا اور کئی ری پبلکن ارکان نے بھی اس کے حق میں ووٹ دیا۔ایوان نمائندگان نے ایک دوسرے بل کے ذریعے محکمہ داخلی سلامتی (ہوم لینڈ سکیورٹی) کیلئے 8فروری تک فنڈز کی فراہمی کی بھی منظوری دی ہے۔بل میں سرحدوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر بھی رکھے گئے ہیں۔ڈیموکریٹس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہوم لینڈ سکیورٹی کیلئے اس عبوری بجٹ کی منظوری کا مقصد یہ ہے کہ اس عرصے کے دوران ری پبلکن اور ڈیموکریٹس ارکانِ کانگریس اور وائٹ ہاؤس سرحدوں کی سکیورٹی کے لیے بجٹ پر اپنے اختلافات دور کرلیں۔لیکن ان دونوں بِلز میں میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے وہ پانچ ارب ڈالر کی رقم شامل نہیں جس کا صدر ٹرمپ مطالبہ کر رہے ہیں اور جو 22 دسمبر کو حکومت کے جزوی شٹ ڈاؤن کی وجہ بنی تھی۔وائٹ ہاؤس پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ اسے ڈیموکریٹس کے تجویز کردہ بل منظور نہیں۔ ان دونوں بلوں کی سینیٹ سے منظوری بھی مشکوک ہے جہاں صدر ٹرمپ کی جماعت ری پبلکنز کو اکثریت حاصل ہے۔
شٹ ڈاؤن کا خاتمہ

مزید :

علاقائی -