شہید بھٹو عالمگیر شخصیت کے حا مل رہنما تھے ، بیرسٹرمر تضیٰ وہا ب

شہید بھٹو عالمگیر شخصیت کے حا مل رہنما تھے ، بیرسٹرمر تضیٰ وہا ب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات ،قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 91 ویں یوم پیدائش کے موقع پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔بانی ء پی پی پی کے یوم پیدائش پر دیئے گئے ایک پیغام میں انہو ں نے کہا ہے کہ ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے فلسفہ اور نقطہ نظر کے مشن کی تکمیل کے لئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل اور انکے خوابوں کو پورا کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں شہید ذوالفقار بھٹو جیسے نظریاتی رہنما کی خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ایک محب وطن واضح نقطہ نظر کے حامل ایک نڈر رہنما تھے جنہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا اور جمہوری روایات کو مضبوط بنانے کے لئے انتھک جدوجہد کی۔ مر تضیٰ وہاب نے کہا کہ اپنے عظیم رہنما کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ملکی ترقی کے لئے ان کے عظیم خیالات کو پورا کرنے کے لئے جدوجہد کرنے کا عزم کریں۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو غیرمعمولی صلاحیت کے حامل شخصیت تھے اور وہ تمام سیاسی قوتوں کو متحد کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے ان کی ذات کی خصوصیات اور کارناموں کی فہرست انتہائی طویل ہے وہ ایک علاقے یا مخصوص نظریے کے حامل نہیں بلکہ عالمگیر شخصیت کے حامل شخص تھے۔ آج ہم ان کا یوم پیدائش انتہائی عقیدت اور احترام سے منا رہے ہیں ۔شہید بھٹو جن کو ملک کے عوام سمیت ایشیا کے اسلامی بلاک کا آج بھی ہیرو تسلیم کیا جاتا ہے۔ آج کا دن ہم سے یہ تقاضہ کرتا ہے کہ ہم ان کے فلسفے پر عمل پیرا ہو کر ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔