سینئر اداکار اشرف خان کی سالگرہ میں ساتھی فنکاروں کی شرکت
لاہور(فلم رپورٹر)معروف سینئر اداکاراشرف خان نے گزشتہ روز اپنے ساتھی فنکاروں اور دوستوں کے ہمراہ سالگرہ منائی ۔اس موقع پر ان کے دوستوں نے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ تحائف اور گلدستے بھی پیش کئے۔سالگرہ کی تقریب میں سینئر اداکار جاوید رضوی،گلوکارحُر عباس،محسن گیلانی ،خالد بٹ ،رائٹر افتخار افی،گلوکار خالد بیگ ،فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ و ماڈل ماہ نور،اعزاز قریشی اور دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔’’پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے اشرف خان کا کہنا تھا کہ میں ہر سال اپنی سالگرہ دوستوں اور ساتھی فنکاروں کے ساتھ مناتا ہوں اور اس حوالے سے خوب اہتمام کیا جاتا ہے۔میں بہت خوش نصیب ہوں کہ مجھے شوبز میں بھی سوچ سے زیادہ کامیابیاں ملیں اس کے ساتھ ساتھ مجھے ایسے دوست ملے جو میری زندگی کا سرمایہ ہیں وہ مجھ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور میرا حد سے زیادہ خیال رکھتے ہیں۔
بہت کم لوگوں کو زندگی میں اتنے پیار کرنے والے دوست نصیب ہوتے ہیں جب سے ہماری دوستی ہوئی ہے ہمارا پیار کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہا ہے ۔تقریب میں گلوکار حُر عباس نے اپنی شاندار پرفارمنس سے مہمانوں سے خوب داد وصول کی۔انہوں نے اپنے شہرہ آفاق گیت سنا کر محفل لوٹ لی ۔اشرف خان نے مزید بتایا کہ میں ان دنوں نجی چینلز سے پیش کئے جانے والی ڈرامہ سیریلز میں کامکررہا ہوں۔شوبز کا کوئی بھی شعبہ ہومیں نے ہمیشہ کم مگر معیاری کام کو ترجیح دی ہے۔