پہلی انڈر 16،18اور21سنوکر جونیئر چیمپئن شپ آج شروع ہو گی
اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کے زیر اہتمام پہلی قومی جونیئر انڈر 16، چوتھی جونیئر انڈر 18 اور 11ویں جونیئر انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپس (آج) ہفتہ سے 22 جنوری تک اسلام آباد میں کھیلی جائیں گی۔ پی بی ایس اے حکام نے کراچی میں پریس بریفنگ کے دوران رواں ماہ ہونے والی چار چیمپئن شپس کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت پہلی قومی جونیئر انڈر 16، انڈر 18 اور انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپس 5 سے 22 جنوری کے درمیان پاکستان سپورٹس بورڈ، سنوکر ہال اسلام آباد میں کھیلی جائیں گی، انڈر 16 چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 18 کھلاڑی شرکت کریں گے جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ سے دو کھلاڑی کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کریں گے، کوالیفائنگ راؤنڈ بیسٹ آف فائیو، کوارٹر فائنلز، سیمی فائنلز اور فائنل بیسٹ آف سیون فریمز پر مشتمل ہو گا، فاتح کیوئسٹ روس میں شیڈول آئی بی ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز پائے گا، اسی طرح انڈر 18 چیمپئن شپ میں 33 کیوئسٹس ایکشن میں نظر آئیں گے، جنہیں آٹھ گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ سے دو کھلاڑی پری کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کریں گے، کوالیفائنگ راؤنڈ بیسٹ آف فائیو، کوارٹر فائنلز اور سیمی فائنلز بیسٹ آف سیون اور فائنل بیسٹ آف نائن فریمز کا ہو گا، فاتح کیوئسٹ چین میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 18 سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا، انڈر 21 چیمپئن شپ میں 36 کیوئسٹس قسمت آزمائی کریں گے جنہیں نو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ سے دو کھلاڑی ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گے، کوالیفائنگ راؤنڈ بیسٹ آف فائیو، پری کوارٹر فائنلز، کوارٹر فائنلز بیسٹ آف سیون، سیمی فائنلز بیسٹ آف نائن اور فائنل بیسٹ آف الیون فریمز کا ہو گا، فاتح کیوئسٹ چین میں شیڈول آئی بی ایس ایف ورلڈ انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرے گا۔ پی بی ایس اے نے اس کے ساتھ ساتھ جوبلی انشورنس تیسری قومی ماسٹر 40 پلس سنوکر چیمپئن شپ کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا،ایونٹ 24 سے 27 جنوری تک اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں 18 کھلاڑی قسمت آزمائی کریں گے، ہر گروپ سے دو کھلاڑی کوارٹر فائنلز میں جگہ بنائیں گے، کوالیفائنگ راؤنڈ بیسٹ آف فائیو، کوارٹر فائنلز اور سیمی فائنلز بیسٹ آف سیون اور فائنل بیسٹ آف نائن فریمز پر مشتمل ہو گا۔