یوتھ کانیوال میں مدارس کے طلباء و طالبات کو بھی مواقع فراہم کیں جائیں گے : محمد عاطف خان

یوتھ کانیوال میں مدارس کے طلباء و طالبات کو بھی مواقع فراہم کیں جائیں گے : ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ و امور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کیلئے ایسے پروگرام تشکیل دے رہے ہیں جو کہ اس سے قبل پہلے کبھی نہیں تشکیل دیئے گئے، صوبے میں شامل ہونے والے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو خصوصی طور پر نیشنل یوتھ کارنیوال میں مواقع فراہم کئے جائینگے، یوتھ کارنیوال میں پڑھے لکھے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ان پڑھ نوجوان بھی امسال ان تمام سرگرمیوں سے مستفید ہونگے جبکہ ساتھ ہی مدارس کے طلباء و طالبات کو بھی مکمل مواقع دیئے جائینگے تاکہ اپنے ہنر کو دنیا کے سامنے پیش کرسکیں، ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر آسیہ اسد، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت بابر خان، ڈائریکٹر یوتھ آفیئرز اسفندیار خٹک، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس جنید خان، ناظم اعلیٰ پشاور عاصم خان، کے پی آئی ٹی بورڈ کے عاصم اسحاق، زینب عظمت، نریمن بسمہ،صحافی فیاض احمد، کبیر خان، ذیشان پرویز، نجی اللہ خٹک، سمینہ نازاور دیگر موجود تھے، سینئر وزیر عاطف خا ن نے کہاکہ صوبے میں شامل ہونے والے قبائلی علاقہ جات میں تعلیمی میدان کی سطح پر یہ پہلا ایونٹ ہو گا جس میں ان نوجوانوں کو مکمل نمائندگی دی جائے گی، نیشنل یوتھ کارنیوال میں قبائلی علاقہ جات جو کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم ہوئے ان نوجوانوں کو شامل کر کے کارنیوال میں ہونے والی تمام سرگرمیوں میں مواقع فراہم کرینگے تاکہ ان علاقہ جات میں موجود ٹیلنٹ کو قومی سطح پر سامنے لایا جائے،انہوں نے مزید کہاکہ کمیشن میں موجود خواتین پشاور یوتھ ہاسٹل کو خواتین کیلئے زیر استعمال لائیں اور ان کیلئے مثبت سرگرمیوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے، یوتھ ڈیویلپمنٹ کمیشن کے قیام کا مقصد بھی یہی ہے کہ نوجوانوں کیلئے جاری پروگراموں سے ہٹ کر نت نئے منصوبے اور پروگرامز شروع کئے جائیں تاکہ قومی اور عالمی سطح پر ان کیلئے مستفید ہوں، انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا یوتھ ایمپکٹ چیلنج پروگرام مکمل ہونے کے بعد اس کے معاشرے پر اثرات کا جائزہ لیا جائے گا، اس پروگرام میں 350 سے زائد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملنے سمیت نئے پروگرام معاشر ے میں لانے کے مواقع حکومت نے فراہم کئے، اس موقع پر ڈائریکٹر یوتھ اسفندیار خٹک نے سینئر وزیر کو قومی یوتھ کارنیوال میں منعقد ہونے والے 30سے زائد ایونٹس بارے بریفنگ دی جس پر سینئر وزیر نے اس میں مزید ردوبدل کرنے اور نئے پروگرام شامل کرنے سمیت اگلے ہفتے دوبارہ منعقد ہونے والے اجلاس میں ان کو مزید بہتر انداز میں پیش کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...