نئے اضلاع میں تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں : ضیاء اللہ بنگش

نئے اضلاع میں تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں : ضیاء اللہ بنگش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیربرائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت کے مطابق نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں تعلیم کی بہتری پرخصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے متعارف کردہ اور جاری اصلاحات کے پروگرام کو نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع تک توسیع دینے کاعمل بھی شروع ہے۔ وہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے نمائندہ وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت نئے ضم شدہ اضلاع پرخصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میں صوبائی کابینہ کا آنے والااجلاس ضلع خیبرمیں منعقد کیاجائیگا جبکہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی محمودخان کی خصوصی ہدایت پر ہر نئے ضم شدہ ضلع میں ایک وزیر ہر روز دورے پر ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم یو کی قبائلی اضلاع تک توسیع کیساتھ ساتھ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز ڈیوٹی شروع کررہے ہیں۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ نئے اصلاحات کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسز کو متعلقہ اضلاع میں منتقل کیاجارہاہے جن پر کام جاری ہوچکاہے جس کی تکمیل سے عوام کے مسائل ان کے متعلقہ اضلاع میں حل ہوسکے گی۔ اب مردانہ اورزنانہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسز متعلقہ اضلاع میں عوام کو سہولیات فراہم کرے گی۔ نئے ضم شدہ اضلاع میں اساتذہ کی کمی کے حوالے سے ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ 2500 اساتذہ کی بھرتی کیلئے اشتہار شائع کیاجاچکاہے جوکہ یونین کونسل کی سطح پر ہوگی اور اس کے ساتھ ساتھ ان اضلاع میں مزید 4 ہزار اساتذہ اوربھی بھرتی کئے جائیں گے تاکہ اساتذہ کی کمی کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوسکیں۔ جبکہ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کیلئے متعلقہ اضلاع سے عملہ بہت جلد بھرتی کیاجائیگا تاکہ سکولوں کی نگرانی یقینی بنائی جاسکیں۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ آئی ایم یو کی سروے رپورٹ کے مطابق بہت جلد بند سکولوں کی دوبارہ فعال اورکھولنے کاعمل بھی شروع کیاجائیگا۔ اس کے ساتھ ساتھ نئے ضم شدہ اضلاع میں جزوی اورمکمل طور پر تباہ شدہ سکولوں کی تعمیر پربھی کام شروع ہوچکاہے۔ جبکہ پی ٹی سی بھی ان اضلاع میں بہت جلد فعال کی جائیگی۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ عوام بہت جلد نئے ضم شدہ اضلاع میں تعلیمی میدان میں اہم پیش رفت دیکھ سکیں گے۔ وفدنے مشیر تعلیم کے متعارف کردہ اصلاحات اورمحکمہ تعلیم میں کی گئی کوششوں اورکامیابیوں کوسراہا۔