پاکستان، امارات نے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کو حتمی شکل دے دی

پاکستان، امارات نے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کو حتمی شکل دے دی
پاکستان، امارات نے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کے امدادی پیکج کو حتمی شکل دے دی

  


اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے تقریباً 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کے اس سپورٹ پیکج کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دے دی، جس کا اعلان ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کے درمیان متوقع ہے۔پاکستان کو درپیش ادائیگیوں کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے یو اے ای کے ولی عہد اتوار (6جنوری) کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیکج میں 3 ارب ڈالر نقد جمع کرانے کے علاوہ موخر ادائیگیوں پر 3 ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کے تیل کی فراہمی بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے پیکج کی شرائط و ضوابط اور سائز بالکل ویسا ہی ہے جیسا سعودی عرب کی طرف سے دیا گیا تھا۔کابینہ رکن نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے پیکج کو جمعرات کو حتمی شکل دے دی گئی تھی۔خیال رہے کہ اس پیکجز سے پاکستان دونوں دوست ممالک سے تیل اور گیس کی درآمدات پر تقریباً 7 ارب 90 کروڑ ڈالر کی بچت کرے گا، جو 12سے 13 ارب ڈالر کے سالانہ درآمدی آئل بل کی مالیت کے 60 فیصد سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان پیکجز میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے موخر ادائیگیوں پر الگ الگ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کی تیل کی ادائیگی اور بین الاقوامی اسلامک تجارتی فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) سے ٹریڈ فنانس کے ڈیڑھ ارب ڈالر شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے کل مالی مدد اور آئی ایف ٹی سی کی ٹریڈ فنانس کی رقم اس وقت 13 ارب 90 کروڑ ڈالر سے 14 ارب ڈالر تک ہوگی جب دونوں ممالک کی جانب سے 3، 3 ارب ڈالر نقد جمع کرائے جائے گے۔

خیال رہے کہ یہ رقم پاکستان اور ابوظہبی کے مشترکہ اشتراک سے خلیفہ پوائنٹ پر 5 سے 6 ارب ڈالر مالیت کی تعمیر کی جانے والی آئل ریفائنری اور گوادر آئل سٹی پر سعودی عرب کی جانب سے متوقع پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے علاوہ ہے۔اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے ایل این جی کی قیمتوں میں کمی یا آرام دہ ادائیگی شیڈول سے متعلق قطر کے ساتھ بات چیت جاری ہے لیکن یہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کابینہ کے رکن نے بتایا کہ پاکستان جیو پولیٹیکل وجوہات کے لیے دو طرفہ تعلقات پر سمجھوتہ کیے بغیر ان تینوں دوست اسلامی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات گہرے کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے ولی عہد 2 روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے اور اس سلسلے میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔کابینہ رکن کا کہنا تھا کہ فروری کے پہلے ہفتے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا بھی دورہ متوقع ہے اور ریاض کی درخواست پر پیٹرو-کیمیکل کمپلیکس کے قیام کے مفاہمت کی یاد داشت پر کام کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان 3.18 فیصد شرح سود پر سعودی عرب سے پہلے ہی 2 ارب ڈالر نقد وصول کرچکا ہے جبکہ مزید ایک ارب ڈالر فروری کے پہلے ہفتے میں متوقع ہیں۔اس کے علاوہ ماہانہ 27 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اوسطاً کے حساب سے سعودی تیل کی سہولت رواں ماہ سے شروع ہوجائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان اس وقت ہر ماہ ایل این جی کے 8 کارگوز درآمد کر رہا ہے، جس کی سالانہ مالیات 4 ارب 20 کروڑ سے 4 ارب 50 کروڑ ڈالر ہے اور اس رقم کی ایک تہائی سے زائد آئی ٹی سی ایف کی مدد کے ذریعے ادا کی جاسکتی ہے۔اس کے علاوہ قطر کی مدد سے پاکستان تیل اور گیس کے درآمدی بل میں 9 ارب ڈالر کے قریب کمی کی توقع کررہا ہے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد


loading...