اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائد اعظم یونیورسٹی کی 100 کنال اراضی واگزار کرالی گئی ہے۔ سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری کے قبضے سے بھی 25 کنال زمین چھڑائی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی جانب سے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی زمین قبضہ مافیا سے چھڑانے کیلئے آپریشن کیا گیا ۔ یہ آپریشن 5 روز تک جاری رہے گا۔ پہلے روز آپریشن کے دوران مقامی لوگوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری بلاکر دوبارہ آپریشن شروع کردیا گیا ۔ انتظامیہ نے تیز بارش کے باوجود آپریشن نہیں روکا اور زمینیں واگزار کرانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد سعد ابن سعد کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی کی 100 کنال اراضی واگزار کرالی گئی ہے۔ 9 مکانات ، 15 زیر تعمیر مکانات سمیت متعدد غیر قانونی تعمیرات کو ختم کردیا گیا ہے۔
آپریشن کے دوران سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری کے گھر کے ساتھ قائم تجاوزات بھی گرادی گئیں۔ انہوں نے گھر کے ساتھ باڑے تعمیر کرا رکھے تھے۔ ان کے قبضے سے 25 کنال اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ خیال رہے کہ جو زمین نیئر بخاری کے قبضے سے واگزار کرائی گئی ہے وہ قائد اعظم یونیورسٹی کی ملکیت ہے لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران مختلف سینیٹرز کو غیر قانونی طریقے سے یہ زمین دی گئی تھی۔