نواز ،زرداری گٹھ جوڑ سے خطرہ نہیں،حکومت کسی کیساتھ رعایت نہیں برتے گی:فواد رسول بھلر

نواز ،زرداری گٹھ جوڑ سے خطرہ نہیں،حکومت کسی کیساتھ رعایت نہیں برتے گی:فواد ...
نواز ،زرداری گٹھ جوڑ سے خطرہ نہیں،حکومت کسی کیساتھ رعایت نہیں برتے گی:فواد رسول بھلر

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چوہدری فواد رسول بھلر نے کہا ہے کہ  پیپلز پا رٹی کی سندھ میں اکثریت تسلیم کرتے ہیں ،اس لئے گورنر راج لگانے کا کوئی ارادہ نہیں مگر نیب زدہ وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کا مطالبہ اصولوں پر کیا جا رہا ہے ،میڈیا میں پھیلی خبریں لوگوں کی اپنی خواہشیں ہیں،زرداری اور نواز گٹھ جوڑ سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں اور نہ کسی کے دباو میں آئیں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری فواد رسول بھلر کا کہنا تھا کہ این آر او کے خواب دیکھنے والے جان لیں عمران خان اور ان کی حکومت کسی کے ساتھ رعایت نہیں کرے گی،عوام تھوڑا صبر سے کام لیں ہماری معاشی پالیسیوں کے ثمرات سامنے آنے میں تھوڑا وقت لگے گا جس کے بعد ان کی زندگیوں میں آسانیاں آ جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم کرپشن کے خلاف جہادکے نام پر ووٹ لے کر حکومت میں آئے تھے،وزیر اعظم عمران خان نے واضع کر دیا ہے کہ وہ کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور نہ کسی کو این آر او دیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کی گئی لوٹ مار نے ملکی معیشت کو بدحال کر رکھا ہے مگر ہم نے اسے سنبھالا دینے کے لیے دوست ممالک کے پاس جانے کا فیصلہ کیا اور عوام پر قرضوں کا مزید بوجھ نہیں پڑنے دیا،ایم آئی ایف کے پاس جانا موجودہ حکومت کا آخری آپشن ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان کے تحت ملک بھر میں درخت لگانے اور ماحول کو صاف ستھرا کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ،نئے بلدیاتی نظام پر کام مکمل کیا جا چکا ہے اور جلد اس کے ذریعے عوامی نمائندے منتخب کر کے فنڈز کو نچلی سطح پر منتقل کر دیا جائے گا تا کہ گاوں اور علاقے کی سطح پر عوام کے مسائل حل کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ریفارمز پر بھی کام جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پولیس کے محکمے کو اوپر سے نیچے تک درست کیا جا سکے تا کہ عوام دوست پولیسنگ کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے،  ہماری کوشش ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...