حکومت اور نیب کی پالیسیاں ملکی معیشت کی تباہی کی ذمہ دارہیں :سلیم صافی

حکومت اور نیب کی پالیسیاں ملکی معیشت کی تباہی کی ذمہ دارہیں :سلیم صافی
حکومت اور نیب کی پالیسیاں ملکی معیشت کی تباہی کی ذمہ دارہیں :سلیم صافی

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلیم صافی نے کہاہے کہ نیب اور حکومت دونوں مل گئے ہیں ، دونوں کی پالیسیاں ملکی معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، پاکستان کی حکومت کوموجودہ صورتحال تک پہنچانے کیلئے مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور پرویز مشرف نے بھی حصہ ڈالا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ جولوگ اس وقت پاکستان اور ملکی معیشت کو چلا رہے ہیں ، وہی ملکی معیشت کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، نیب اور حکومت دونوں مل گئے ہیں اوران دونوں کی پالیسیاں ملکی معیشت کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، بحریہ ٹاﺅن کے اکاﺅنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں، اگر کوئی کارروائی کرنا ہے تو اس کے مالکان کے خلاف کارروائی کرناچاہئے تھی لیکن اس کے ساتھ لاکھوں لوگوں کا روز گار جڑا ہے اور ان کی سرمایہ کاری بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا اقدامات کانتیجہ اس سے بھی تباہ کن ہوگا ، پاکستان کی حکومت کوموجودہ صورتحال تک پہنچانے کیلئے مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی اور پرویز مشرف نے بھی حصہ ڈالا ہے ، تحریک انصاف خود اپنے اوردوسروں کیلئے بحران پیدا کرتی ہے ، عمران خان اورشیخ رشید کا قبلہ ایک ہے ، شیخ رشید تحریک انصاف سے زیادہ عمران خان کے قریب ہیں اور شیخ رشید کو پارٹی کے لوگوں سے زیادہ اہمیت ملتی رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر شیخ رشید واقعی شہبازشریف کے چیئر مین پی اے سی بننے کو سنجیدہ مسئلہ سمجھتے ہیں تو عدالت جانے کی بجائے عمران خان سے کہہ کر یہ فیصلہ واپس کروا دیں اور اگر عمران خان یہ فیصلہ واپس نہیں لیتے تو کابینہ چھوڑ دیں، وہ عدالت کا وقت کیوں ضائع کرتے ہیں؟

مزید : قومی


loading...