ہر 8 سیکنڈ بعد ایک پیدائش، دنیا کی آبادی 7 ارب 68 کروڑ ہوگئی: رپورٹ
لاہور (سرفراز راجہ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے مقابلے میں وسائل کی کمی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ پاکستان میں بھی بڑھتی ہوئی آبادی حکامِ بالا کیلئے دردِ سر بنی ہوئی ہے اور اس کو روکنے کیلئے طرح طرح کے جتن کیے جارہے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے نہ صرف بار بار اس مسئلے کی نشاندہی کی گئی ہے بلکہ اس معاملے پر چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں سمپوزیم بھی کرایا ہے۔ذیل میں ہم دنیا کی آبادی کے بارے میں کچھ اعدادو شمار پیش کر رہے ہیں جو امریکی ادارہ شماریات سے لیے گئے ہیں۔ یہاں ہم دنیا کی مجموعی آبادی کا تفصیل کے ساتھ جائزہ لیں گے ۔
ہفتے کی رات (آج) 8 بج کر 55 منٹ پر لیے گئے اعدادو شمار کے مطابق دنیا کی کل آبادی 7 ارب 67 کروڑ 50 لاکھ 49 ہزار 149 نفوس پر مشتمل ہے۔ مذکورہ وقت تک دنیا بھر میں 3 لاکھ 36 ہزار 278 افراد پیدا جبکہ ایک لاکھ 41 ہزار 92 افراد وفات پاچکے ہیں۔ یوں دنیا کی آبادی میں مجموعی طور پر صرف آج کے روز ایک لاکھ 95 ہزار 186 افراد کا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ سالِ نو کے پہلے پانچ روز میں دنیا کی آباد ی میں10 لاکھ 90 ہزار 532 افراد کا اضافہ ہوچکا ہے۔
تصویر: ورلڈ میٹرز
امریکہ کے ادارہ شماریات کے مطابق دنیا میں اوسطاً ہر 8 سیکنڈ کے بعد ایک نئی پیدائش ہوتی ہے جبکہ ہر 11 سیکنڈ میں ایک شخص دنیا چھوڑ کر چلا جاتا ہے۔دنیا کی آبادی میں ایک شخص کے اضافے میں اوسطاً 19 سیکنڈ لگتے ہیں۔
تصویر: ورلڈ میٹرز
دنیا میں سب سے زیادہ آبادی کا حامل ملک چین ہے جس کی آبادی ایک ارب 41 کروڑ 76 لاکھ 35 ہزار 230 نفوس پر مشتمل ہے ۔ بھارت ایک ارب 36 کروڑ 16 لاکھ 19 ہزار 279 افراد کے ساتھ دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے۔ آبادی کے لحاظ سے امریکہ تیسرے(32 کروڑ 79 لاکھ 66 ہزار 579) ، انڈونیشیا چوتھے (26 کروڑ 82 لاکھ 7 ہزار 851) ، برازیل پانچویں (21 کروڑ 16 لاکھ 54 ہزار 336) نمبر پر ہے۔
تصویر: ورلڈ میٹرز
آبادی کے اعتبار سے پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے جس کی آبادی 20 کروڑ 27 لاکھ 59 ہزار 260 نفوس پر مشتمل ہے۔ دنیا کی آبادی میں پاکستان کا حصہ 2 اعشاریہ 65 فیصد ہے ۔ پاکستان کی شہری آبادی 39 اعشاریہ 8 فیصد ہے ، یعنی پاکستان کے 8 کروڑ 14 لاکھ 99 ہزار 983 افراد شہروں میں قیام پذیر ہیں۔
تصویر: ورلڈ میٹرز