مالی مشکلات ،پی آئی اے کی طرف سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ کچن کا قیام عمل میں نہ لایا جا سکا 

مالی مشکلات ،پی آئی اے کی طرف سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ ...
مالی مشکلات ،پی آئی اے کی طرف سے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ کچن کا قیام عمل میں نہ لایا جا سکا 

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان  آن لائن)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی طرف سے مالی مشکلات کے باعث نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ کچن کا قیام عمل میں نہ لایا جا سکا ،سول ایوی ایشن کی طرف سے ایئرپورٹ پر ڈیڑھ سال قبل پی آئی اے کے فلائٹ کچن کیلئے 1.6ایکڑ اراضی الاٹ کی گئی تھی تاہم قومی ایئرلائن کی طرف سے تاحال نہ تو سیکیورٹی اور لائسنس فیس جمع کروائی جا سکی اور نہ ہی جگہ کا قبضہ حاصل کیا گیا ،پی آئی اے کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قائم فلائٹ کچن سے مسافروں کیلئے کھانا اور ریفریشمنٹ آئٹمز منگوانے کی وجہ سے ماہانہ لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن نے2017میں قومی ایئرلائن پی آئی اے سمیت دیگر نجی ایئرلائنز کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرفلائٹ کچن کے قیام کیلئے پلاٹ آلاٹ کئے تھے ، ایوی ایشن کی طرف سے پی آئی اے کو اس مقصد کیلئے 69.69مربع فٹ کا پلاٹ 10سال کیلئے الاٹ کیا تھا جس کے بعد قومی ایئرلائن کو 26 جولائی 2017 کو ایک مراسلہ بھجوا کر اس حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم ڈیڑھ سال کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی پی آئی اے کی طرف سے آلاٹ کئے گئے پلاٹ کا قبضہ لینے کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر اپنا فلائٹ کچن نہ بنائے جانے کی وجہ سے پی آئی اے روزانہ مسافروں کیلئے کھانا اور ریفریشمنٹ کا سامان بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قائم فلائٹ کچن سے منگواتی ہے جس سے ایئرلائن پرماہانہ لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات کا بوجھ پڑا ہے۔ دوسری طرف قومی ایئرلائن کے ترجمان مشہود تاجور نے اس حوالے سے بتایا کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ کچن کے قیام کیلئے کروڑوں روپے کے فنڈز درکار ہیں اور پی آئی اے کو درپیش مالی مشکلات کے باعث فی الحال فلائٹ کچن کا قیام عمل میں لانا ممکن نہیں تاہم جتنی جلدی ہو سکا اس کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ نئے ایئرپورٹ پر فلائٹ کچن کے قیام کی صورت میں پرانے ایئرپورٹ پر فلائٹ کچن میں کام کر رہے ملازمین کو بھی سفری مشکلات پیش آئیں گی جس کیلئے ایئرلائن کو الگ سے انتظامات کرنا پڑیں گے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد


loading...