وزیر اعظم کا ملک کو فلاحی ریاست بنانے  کا عزم خوش آئند ہے،میاں زاہد حسین

وزیر اعظم کا ملک کو فلاحی ریاست بنانے  کا عزم خوش آئند ہے،میاں زاہد حسین

  



کراچی (این این آئی)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سال رواں کے دوران معیشت کے ٹیک آف، نوکریوں کی فراہمی اور ملک کو فلاحی ریاست بنانے کی طرف پیش رفت کا اعلان کر کے عوام کی توقعات بڑھا دی ہیں جو خوش آئند ہے۔ وسائل کی کمی کے باوجود حکومت تعلیم اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے جس میں یوٹیلیٹی ا سٹورز پر سستی اشیاء کی فراہمی کے لئے6 ارب روپے مختص کرنا، انصاف کارڈ، لنگر اور پناہ گاہوں کا قیام اور دیگر اقدامات شامل ہیں جس سے اسکی درست سمت کا پتہ چلتا ہے۔ میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور اہم وزراء نے بارہا معیشت کے استحکام کی نوید سنائی ہے تاہم تاحال اسکے اثرات قیمتوں پرنہیں پڑے ہیں جس کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو کچھ ریلیف ملے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے سخت اقتصا دی اقدامات سے عوام اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں جنکی بحالی کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

 تاکہ ترقی وخوشحالی کا خواب پورا ہو۔ انھوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی میں اضافہ کا فیصلہ خوش آئند ہے تاہم بجلی،گیس اور تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے سلسلہ کو روکنا ہے کیونکہ اس سے عوام کی زندگی اورصنعت و کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی کشمکش، مہنگائی اور پے درپے بحرانوں نے قوم کو نیم مردہ کر ڈالا ہے جن میں امید کی روح پھونکنا ضروری ہو گئی ہے جس کے لئے تمام طبقات کا اعتماد بحال کرنا ہو گا تاکہ پاکستان مستحکم معیشت کی حامل ایک فلاحی ریاست بن سکے۔ بیوروکریسی اب کاروباری برادری کے بعض طبقات کی طرح خوفزدہ ہے جبکہ احتساب کے عمل نے اپوزیشن کو حکومت سے دور دھکیلنے کے علاوہ ملک کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا جس پر غور کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو توجہ دی جائے اور سینیٹ کو فعال کیا جائے جس کا گزشتہ چار ماہ میں کوئی سیشن نہیں ہوا۔

جبکہ بار بار آرڈیننس جاری کرنے سے جمہوریت مستحکم نہیں ہو رہی۔بنیادی اصولوں سے انحراف کئے بغیر اپوزیشن کے تحفظات دور کئے جائیں۔

تاکہ حکومت کا امیج بہتر ہو اور نئے پاکستان کی بنیاد رکھناآسان ہو جائے۔میاں زاہد حسین نے مزید کہاکہ FPCCIمیاں انجم نثار کی قیادت میں عوام اور کاروباری برادری کی فلاح کے حکومتی اقدا مات میں بھر پور تعاون کرے گی۔

مزید : کامرس