سی سی پی او لاہور نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سنیں 

سی سی پی او لاہور نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سنیں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(کر ائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید نے اپنے آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کرکے شہریوں کی شکایات سنیں اور مختلف درخواستوں پر تحریری اور زبانی احکامات جاری کئے۔ کھلی کچہری میں ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن انعام وحید، ایس ایس پی ایڈمن اطہر وحید اور تمام ڈویڑنل ایس پیز نے شرکت کی۔34 شہریوں نے کھلی کچہری میں پیش ہوکر سی سی پی او کو براہ راست مسائل بتائے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ذوالفقارحمید نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔ دونوں ڈی آئی جیز کو بھی باقاعدگی کے ساتھ کھلی کچہریاں لگانے کی ہدایت کی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ سال نو کے موقع پر ماضی کی بہ نسبت ہوائی فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لئے جامع اقدامات کئے۔ لاہور کے تھانوں کی پرانی عمارتوں کی مرحلہ وار تعمیر نو کر ر ہے ہیں۔ امسال نئی عمارتوں کی 10سے 12 سکیمیں محکمہ پولیس کو بھجوائیں گے۔ ایک اور سوال پر سی سی پی او نے کہا کہ پی ایس ایل انٹرنیشل ایونٹ ہے۔ اس کی سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کے لئے ٹھوس پلان تیار کریں گے۔ اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ شہریوں کو کم سے کم زحمت اٹھانا پڑے۔ سوشل میڈیا پر بدنام ملزموں کو ہیرو بنانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس روش کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کے لئے پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو ریفرنس بھجوائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کے علاوہ کسی کو اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں۔ خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

مزید :

علاقائی -