پہیہ جام ہڑتال،ختم ہو گئی؟

پہیہ جام ہڑتال،ختم ہو گئی؟

  



ٹرانسپورٹرز اور گڈر فارورڈنگ ایسوسی ایشن کی مشترکہ ہڑتال گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کے ساتھ مذاکرات کے بعد ختم ہو گئی۔ ایک روزہ ہڑتال میں جہاں ٹریفک کے مسائل پیدا ہوئے وہاں مختلف شہروں کے درمیان سفر کرنے والے مسافر بھی رل گئے، حتیٰ کہ سارا بوجھ ریلوے ٹرینوں کی طرف منتقل ہو گیا اور گاڑیوں میں ضرورت سے کہیں زیادہ مسافر سوار ہوئے اس دھکم پیل کی وجہ سے نشست محفوظ کرانے والے کئی مسافر رہ گئے۔ خصوصاً لاہور راولپنڈی اور لاہور ملتان کا سفر انتہائی دشوار بن گیا۔ یہ بہتر ہوا کہ گورنر پنجاب نے مداخلت کی اور رات گئے مذاکرات کامیاب رہے جس کے مطابق جرمانوں میں اضافے والا نوٹیفکیشن بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، دیگر مطالبات پر غور کے لئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں بھی روائتی انتظامی اور حکومتی حکمت عملی نظر آئی کہ مطالبات کئی روز سے کئے جا رہے تھے اور ہڑتال(پہیہ جام) کا اعلان بھی دو روز پہلے کیا گیا لیکن حل کے لئے اس روز کوشش ہوئی، جب ہڑتال ہوگئی اور نقصان بھی پہنچ چکا، اس سلسلے میں حکومت کو اپنی پالیسی تبدیل کرنا چاہیے اور کسی بھی طبقے کی طرف سے پیش کئے جانے والے مطالبات پر پہلے بات چیت کرنا چاہیے، اب بھی فریقین ایک دوسرے کو قائل کریں تاکہ انتہائی قدم نہ اٹھانا پڑے۔

مزید : رائے /اداریہ


loading...