کھوکھلے بعرے لگانے والے قصہ پارینہ بن چکے،لوٹ مار کا دور واپس نہیں آئیگا:عثمان بزدار

کھوکھلے بعرے لگانے والے قصہ پارینہ بن چکے،لوٹ مار کا دور واپس نہیں ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کھوکھلے نعرے لگانے والے قصہ پارینہ بن چکے ہیں، ماضی کی لوٹ مار کا دور واپس نہیں آئے گا اور سابق حکمران آج وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا تھا۔ایک بیان میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ، پرامن، روشن اور خوشحال ایک پاکستان کا خواب حقیقت کا روپ دھارے گا کیونکہ ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں اور حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے لہٰذا عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈمیپ پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں سسٹم کو درست کرنے کیلئے اصلاحات کی جا رہی ہیں اور ایسی اصلاحات لا رہے ہیں جن کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے میانوالی کا دورہ کیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پولیس لائنز میانوالی میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں میانوالی کے ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر میانوالی عمر چٹھہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ میانوالی سمیت دوردراز شہروں کے ترقیاتی منصوبو ں کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور دورے کرکے جائزہ لے رہا ہوں۔وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ افسران عوام کی خدمت کیلئے دلجمعی اور یکسوئی سے کام کریں۔ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے انتظامی افسران بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن جاری رکھا جائے۔ عوام کی خدمت کے عمل میں کوئی تساہل برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ میانوالی میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔اشتہاری ملزمان کے خلاف تسلسل کے ساتھ مہم جاری رکھی جائے جبکہ تھانوں میں سائل کے ساتھ شفقت اور نرمی سے پیش آیا جائے۔ میانوالی میں ماڈل پولیس سٹیشن کا قیام پولیس کلچر کی تبدیلی میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہاکہ تھانے میں مظلوم کی داد رسی ہونی چاہئے،تھانوں میں سائل کو کسی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہیے،تھانہ کلچر بدل رہاہے اور انشاء اللہ جلد مکمل طورپر تھانہ کلچر عوام کی امنگوں کے مطابق ہوگا۔ایم این اے امجد علی خان نیازی، ارکان صوبائی اسمبلی امین اللہ خان اور ملک احمد خان بھچر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے میانوالی میں ماڈل پولیس سٹیشن کے افتتاح کے بعد اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہر ضلع میں کم ازکم ایک ماڈل پولیس سٹیشن قائم کیا جا رہاہے جبکہ ماڈل پولیس سٹیشن کا قیام تھانہ کلچر میں تبدیلی کی جانب پہلا او رواضح اقدام ہے، ماڈل پولیس سٹیشن کے قیام سے سروس ڈلیوری میں بہتری آئے گی، عوام اور پولیس کے درمیان روابط کار بھی بہتر ہوں گے۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بغیر پروٹوکول میانوالی شہر کا دورہ کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدارنے میانوالی کے تھانہ واں بھچراں کااچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تھانے کے ریکارڈ کوچیک کیا اور تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول


loading...